پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2019

کراچی میں بارشیں غیر معمولی قرار

فوٹو: فائل

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش کے باعث جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا وہیں شہر ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن اقبال، پی آئی بی، ایف بی ایریا، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کے پورے موسم میں کراچی میں 130ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن مون سون کی حالیہ بارشیں غیر معمولی ہیں۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ کراچی میں رواں سال مون سون کے موسم میں اب تک 260 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہر میں مون سون 15ستمبر تک ایکٹو ہوتا ہے تاہم رواں سال مون سون معمول سے زائد رہا۔

مزید خبریں :