وزیراعظم کا پنجاب کے متعدد وزراء کو فارغ کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کےمطابق پنجاب کی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا امکان ہے جس کے تحت متعدد وزراء کو فارغ کرکے نئے وزراء لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب سمیت پولیس میں بھی بڑے عہدوں پر تبدیلیاں کی جائیں گی جب کہ پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی متعدد افسران کو تبدیل کیا جائے گا، ان کی جگہ ایسے لوگوں کو لایا جارہاہے جو گزشتہ حکومت میں پولیس اور بیوروکریسی میں اہم کردارادا کرتے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اسلام آباد طلب کیا تھا جہاں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں عمران خان کے چیمبر میں ملاقات ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ اس دوران پنجاب کابینہ اور پولیس میں ردوبدل سےمتعلق مشاورت کی گئی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس اصلاحات پر وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا جب کہ عثمان بزدار نے ڈینگی وباء روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بھی وزیراعظم کو بتائے، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو صوبے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پولیس گروپ کے دو مطالبات تسلیم کرلیے ہیں اور پولیس کو ڈپٹی کمشنر کے ماتحت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ڈینگی وباء پھیلنے پر وزیراعظم نے سخت نوٹس لیا ہے اورمتعلقہ محکمے کے افسران کو بھی تبدیل کرنے کا عندیہ دیا ہے جب کہ ان کی جگہ وبا پر قابو پانے کے ماہر افسران کو لایا جائے گا۔

لاہور:پولیس کے ایکسٹرنل اکاؤنٹبلٹی اتھارٹی کا ڈی جی ریٹائرڈ پولیس افسرہوگا، ذرائع

واضح رہےکہ رواں ماہ ہی پنجاب حکومت میں ردو بدل کیا گیا تھا جس کے تحت وزیراعلیٰ کے ترجمان شہباز گل نے عہدے سے استعفیٰ دیا جب کہ مشیر عون چوہدری کو فارغ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :