بابراعظم بھارتی کپتان کوہلی سے آگے نکل گئے


پاکستان کے نوجوان بلے باز بابراعظم نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو سنچریوں کے ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف بابر اعظم 105 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یہ ان کے کیریئر کی 11 ویں سنچری ہے جو انہوں نے 97 گیندوں پر بنائی۔

سنچریوں کے ریکارڈ میں بابر اعظم نے بھارتی کپتان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور انہوں نے اپنے کیریئر کی 11 ویں سنچری 71 ویں اننگز میں بنائی جبکہ ویرات کوہلی نے 82 ویں اننگز میں 11 سنچریاں بنائی تھیں۔

جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 64 اور کوئنٹن ڈی کوک نے 65 اننگز میں 11سنچریاں مکمل کی تھیں۔

بابر اعظم نے اپنی 71 ویں اننگز میں ایک اور سنگ میل عبور کیا اور وہ 2013 کے بعد ایک سال میں ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

کامیابی کا راز ہر شعبے میں سو فیصد دینا ہے:بابر

بابر اعظم سے جب اس سال میں ان کی شاندار کارکردگی پر سوال ہوا تو ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا راز یہی ہے کہ وہ ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس میں اپنا سو فیصد دیتے ہیں اور جب میچ کیلئے آتے ہیں تو کوشش کرتے ہیں کہ دو سو فیصد دیں۔ 

بابر اعظم نے بتایا کہ اس سال کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر ان کی بیٹنگ میں اور بھی نکھار آیا ہے۔ وہ ہر میچ میں یہی سوچ کر میدان میں اترتے ہیں کہ انہیں اپنا بیسٹ دینا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہوم گراونڈ پر کھیل کر سب کو اچھا لگتا ہے، خوشی ہوتی ہے جب اپنے کراوڈ کے سامنے کھیلتے ہیں۔

 ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن ان کی نظر ریکارڈز پر نہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ میچ بائی میچ پرفارمنس پر توجہ دیں۔ 

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا رول یہی ہے کہ وہ آخر تک کھیلیں اور دیگر پلیئرز ان کے اردر گرد پرفارم کریں، لیکن صورتحال کے حساب سے وہ گیم تبدیل کرسکتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نائب کپتانی کا کوئی پریشر نہیں، کپتانی کرنا تو ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے لیکن یہ چیز ابھی ان کے ذہن میں نہیں، یہ فیصلے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہیں۔ 

پاکستان سری لنکا میچ کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے ابتدا میں اچھی بولنگ کی لیکن بعد میں وکٹ سلو ہوگیا تھا، سری لنکن مڈل آرڈر کو کریڈیٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اچھی بیٹنگ کی۔ 

بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بدھ کو آخری ون ڈے میں بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

مزید خبریں :