Time 01 اکتوبر ، 2019
انٹرٹینمنٹ

ماہرہ کے بعد ’بھولا‘ بھی فردوس جمال کے نشانے پر

عمران اشرف سے پہلے کئی اداکاروں نے ایسے کردار کیے ہیں اور انہوں (عمران اشرف) نے بھی صرف مصنوعی اداکاری کی ہے: اداکار فردوس جمال کی عمران اشرف پر تنقید— فوٹو: فائل

اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان کے بعد مشہور کردار ’بھولے‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ میں اداکار عمران اشرف نے ’بھولے‘ کا کردار کیا تھا اور اس کردار میں ایسی جان ڈالی کہ یہ کردار زبان زد عام ہوگیا۔

بھولے کا کردار ایسے لڑکے کا کردار تھا جو دماغی طور پر کمزور ہے اور بھول چوک والی حرکتیں کرتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں فردوس جمال اور اداکار منور سعید مہمان تھے۔ میزبان نے جب سوال کیا کہ آپ کے خیال میں دور حاضر میں ایسا کون سا اداکار ہے جس کے بارے میں آپ سمجھتے ہیں کہ اس کا مستقبل روشن ہے؟

اس پر فردوس جمال نے دور حاضر کے تمام اداکاروں کو ’شو پیس‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے ’یہ سارے ماڈلز ہیں، شو پیش ہیں، انہیں یہ شعور نہیں آیا کہ اداکاری کچھ اور چیز ہے‘۔

جب میزبان نے فردوس جمال کی توجہ ’بھولا‘ کا مشہور کردار ادا کرنے والے عمران اشرف کی جانب دلائی تو ساتھ بیٹھے منور سعید نے عمران اشرف کی تعریف کی تاہم فردوس جمال نے ایک بار پھر تنقید شروع کردی۔

فردوس جمال نے کہا کہ عمران اشرف نے جو بھولا کا کردار کیا وہ برجستہ نہیں تھا بلکہ ایسا لگ رہا تھا کہ وہ بھولا بننے کی اداکاری کررہا ہے۔

فردوس جمال نے کہا کہ عمران اشرف نے بھولے کے کردار کی صرف اداکاری جس سے مصنوعی ہونے کا تاثر ملتا ہے انہوں نے اس کردار میں ڈوب کر خود کو بھولا کی طرح پیش نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی بھولے جیسے کردار کئی اداکاروں نے کیا ہے اور انہوں نے اس کردار میں ڈوب کر دکھایا ہے، افسوس کی بات یہ ہے کہ آج کل کے لوگوں نے وہ پرفارمنسز دیکھی ہی نہیں ہیں۔












فردوس جمال بھولا کا کردار مجھ سے ہزار گنا بہتر کرتے، عمران اشرف
میں فردوس جمال کی رائے کا احترام کرتا ہوں اور میں سیکھنے کی مزید کوشش کروں گا، عمران اشرف— فوٹو: فائل

اس حوالے سے اپنے ردعمل میں اداکار عمران اشرف کا کہنا ہے کہ ’فردوس صاحب بہت ہی قابل عزت اور کمال کے اداکار ہیں، یقیناً یہ بھولا کا کردار کرتے تو مجھ سے ہزار گنا بہتر کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں فردوس جمال کی رائے کا احترام کرتا ہوں اور میں سیکھنے کی مزید کوشش کروں گا۔ 

عمران اشرف نے دوستوں اور مداحوں سے اپیل کی کہ فردوس جمال پر کسی قسم کی تنقید نہ کی جائے کیوں کہ وہ بڑے ہیں اور بڑے گھر میں بھی کچھ نہ کچھ کہہ دیتے ہیں ضروری نہیں کہ ان کی بات کا برا منایا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فردوس جمال نے ماہرہ خان کے حوالے سے کہا تھا کہ ’سوری ٹو سے، کسی کو بری لگی یا اچھی، ماہرہ خان ہیروئن اسٹف نہیں ہے، وہ درمیانے درجے کی ماڈل ہے، وہ اچھی ایکٹرس نہیں ہے اور اچھی ہیروئن بھی نہیں، سوری ٹو سے، ایک تو اس کی عمر زیادہ ہے۔ مطلب اس عمر میں ہیروئنیں نہیں ہوتی بلکہ ماں کے کردار کیے جاتے ہیں‘۔

مزید خبریں :