03 اکتوبر ، 2019
اسلام آباد: حکومت نے نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان سے مختلف ایوان صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی جس میں مختلف چیمبرز کے سابق و موجودہ صدور شامل تھے جب کہ اس موقع پر حکومت کی معاشی ٹیم میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈز و سینئر افسران بھی موجود تھے۔
تاجر برادری نے وزیراعظم کی تاجروں سے مسلسل ملاقاتوں اور ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی کو سراہا اور کہا کہ وزیرِاعظم نے ہمارے جذبات کی مکمل ترجمانی کی ہے۔
وفد نے وزیراعظم کو معیشت کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لانے اور خصوصاً برآمدات کو بڑھانے سے متعلق تجاویز پیش کیں جب کہ ساتھ ہی انہیں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے حل کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے، نیب اور کاروباری برادری کے معاملات حل کرنے کے لیے کاروباری شخصیات پر مشتمل کمیٹی بنائی جارہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل معیشت کی ترقی سے وابستہ ہے، بزنس کمیونٹی کی کامیابی ملک کی کامیابی ہے، کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنرشپ معیشت اور ملک کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے، چاہتے ہیں بزنس کمیونٹی کے لیے آسانیاں پیدا ہوں اور وہ منافع بخش کاروباری سرگرمیاں انجام دے سکیں، حکومت اس ضمن میں ہر ممکن مدد کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک کی اہم کاروباری شخصیات نے آرمی ہاؤس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی جب کہ آرمی آڈیٹوریم میں معیشت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔