08 اکتوبر ، 2019
لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلکیٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا ٹیم کی شکست کے بعد پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ ایسی ٹیم سے ہار جس کے اہم کھلاڑی نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہار کبھی اچھی نہیں ہوتی لیکن ایسی ٹیم سے ہار جس کے مین پلیئرز نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم اچھا کھیلی، جس طرح یارکرز سری لنکا نے کیے ہم نہیں کرسکے، بولنگ کے شعبے میں بہت کام کرنا ہے، وقار یونس آئے ہیں، اس پر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان محنت کررہا ہے لیکن فارم نہ ہونے کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہے، اس کا اعتماد بحال کرنا ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھاکہ 3 برس صبرکیا، ابھی تو میری پہلی سیریز ہے، سب سری لنکا کو کمزور ٹیم کہہ رہے تھے اور ہمیں کہا جارہا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو کھلائیں لیکن اب سب نے نتیجہ دیکھ لیا؟ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی کو کمزور نہیں کہہ سکتے۔
چیف سلیکٹر کے مطابق بابر اعظم نے رنز نہیں کیے، ہم ایکسپوز نہیں ہوئے، ہم نے دیکھنا ہے کہ صرف ایک بیٹسمین پر انحصار نہیں کرنا، ہم اچھا کررہے تھے لیکن اس سیریزمیں اچھا نہیں کر سکے۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔