Time 09 اکتوبر ، 2019
پاکستان

جاپانی ویزے کیلئے 10 پاکستانیوں کیجانب سے جعلی دستاویزات جمع کرانے کا انکشاف

تحقیقات کے دوران درخواست گزاروں کیخلاف جعلسازی کے واضح شواہد مل گئے ہیں اور قانونی کارروائی کی جائے گی: ایف آئی اے— فوٹو: فائل

جاپانی ویزہ کے حصول کیلئے کراچی میں 10 پاکستانی شہریوں نے جاپان قونصلیٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرا دیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) ذرائع کے مطابق کراچی میں جاپانی قونصلیٹ کے پولیس اتاشی اور سیکیورٹی چیف کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اسلام آباد کو تحریری درخواست دی گئی تھی کہ کراچی کے رہائشی ایک شہری حسنین الحسن نے جاپان کے تفریحی دورے کیلئے درخواست جمع کرائی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ شہری نے ویزہ درخواست کے ساتھ دستاویزات میں خود کو ایک میڈیسن کمپنی کا سیلز  ایگزیکٹو ظاہر کیا اور نجی بینک میں اپنے اکاؤنٹ کے 6 ماہ کی ٹرانزیکشن کی تفصیلات بھی دی جو چھان بین کے دوران مشکوک قرار دی گئیں۔

قونصلیٹ نے مذکورہ دستاویزات کی مزید تحقیقات کیلئے ایف آئی اے سے درخواست کی۔ 

قونصلیٹ کے سیکیورٹی انچارج کے مطابق اس عرصے میں بعض دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے فراہم کی گئی اسی طرح کی دستاویزات کی بھی چھان بین کی گئی تو وہ جعلی نکلیں۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ بینک نے تمام اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹس کو بوگس قرار دیا ہے، اسی طرح مذکورہ میڈیسن کمپنی کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ نے بھی ان درخواست گزاروں کی ملازمت اور  تجربہ کے سرٹیفکیٹس کو جعلی قرار دیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اس سلسلے میں جاپانی قونصلیٹ حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد ان افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ایف  آئی اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران درخواست گزاروں کے خلاف جعلسازی کے واضح شواہد مل گئے ہیں جن کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :