دنیا
Time 09 اکتوبر ، 2019

جرمنی میں یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ، 2 افراد ہلاک

حملہ آور نے فوجی لباس پہن رکھا تھا اور عبادت گاہ میں مذہبی دن کے موقع پر 70 سے 80 افراد موجود تھے: سربراہ یہودی کمیونٹی — فوٹو: اے پی 

جرمنی کے شہر ہالے میں یہودیوں کی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی پولیس کے مطابق مشین گنز سے لیس حملہ آوروں نے یہودی عبادت گاہ اور کباب ہاؤس کو نشانہ بنایا اور یہودی عبادت خانے کے باہر اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے ایک ہلاکت یہودی عبادت گاہ کے قریب اور دوسری کباب ہاؤس کے باہر ہوئی جبکہ واقعے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی پولیس نے علاقے کو گھیر کر سرچ آپریشن شروع کردیا— فوٹو: اے پی 

یہودی کمیونٹی کے سربراہ نے بتایا کہ حملہ آور نے فوجی لباس پہن رکھا تھا اور عبادت گاہ میں ’یوم کپور‘ کے مذہبی تہوار کے موقع پر 70 سے 80 افراد موجود تھے۔

مقامی پولیس کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ  مزید حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ 

 پولیس نے علاقے کے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہر کا مرکزی ٹرین اسٹیشن بھی بند کر دیا گیا ہے۔


دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوجی لباس پہنا ایک شخص گاڑی سے اتر کر مسلسل فائرنگ کررہا ہے۔

مزید خبریں :