Time 09 اکتوبر ، 2019
کھیل

’شکست کی وجوہات سوچ رہا ہوں، صرف 10 دن میں نمبر ون ٹیم کو کیا ہوگیا‘


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیم کی شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شکست کی ساری ذمہ داری قبول کرتا ہوں لیکن یہ وہی ٹیم ہے جو 4 برس سے کھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں شکست کی وجوہات سوچ رہا ہوں، صرف دس دن میں نمبر ون ٹیم کو کیا ہوگیا، ہمیں بہت کچھ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ایسا کوئی لیگ اسپنر نہیں جس کو ہم نے موقع نہیں دیا ہے،  یاسر اور شاداب کے متبادل دستیاب نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ جو مسائل سب کو دکھائی دے رہے ہیں، وہی ہمیں بھی نظر آرہے ہیں، ہم پاور پلے میں بھی اچھا نہیں کھیل رہے، سینئر کھلاڑیوں پر بلاوجہ تنقید اچھی چیز نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سمت واضح تھی لیکن کھلاڑیوں سے بری کارکردگی کے حوالے سے جواب طلب کروں گا۔

یاد رہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے جیت کیلئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 134 رنز بناسکی اور یوں سیریز 0-3 سے سری لنکا کے نام رہی۔

پاکستان ٹیم ٹی20 فارمیٹ میں پہلی مرتبہ کوئی سیریز تین صفر سے ہاری ہے۔

مزید خبریں :