10 اکتوبر ، 2019
کوک اسٹوڈیو سیزن 12 بس ایک دن کی دوری پر ہے اور ممکن ہے کہ اس کی پہلی قسط کا آغاز ہی سب کے دلوں پر راج کرنے والے عاطف اسلم کی حمد سے ہو۔
عاطف اسلم نے کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں مشہور صوفیانہ کلام "تاجدار حرم" پڑھا جسے سب سے زیادہ پزیرائی ملی۔
یہ کوک اسٹوڈیو پاکستان کی تاریخ کا مقبول ترین کلام بھی ہے جسے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اب تک 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
اس بار کوک اسٹوڈیو سیزن 12 میں عاطف اسلم کی آواز میں شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان کی مقبول حمد ’وہی خدا ہے‘ پیش کی جائے گی۔
سیزن 12 میں ’وہی خدا ہے‘ حمد پیش کرنے سے متعلق عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ میں یہ حمد اپنے پانچ سالہ بیٹے کے نام کرتا ہوں کیونکہ جب وہ بڑا ہوگا تو اس کو سنے گا، اسے خوشی ہوگی کے میرے والد نے حمد پڑھی تھی۔
عاطف نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ جب وہ سنے گا کہ حمد میں کیا بیان گیا ہے تو سمجھے گا اپنے آپ کو جانچ سکے گا تاکہ وہ اپنا راستہ اور اللہ کو خود اپنے طریقے سے تلاش کرسکے۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ جب میرا بیٹا اپنے طریقے سے اللہ کو ڈھونڈے گا تو مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہوگی۔
عاطف اسلم نے کہا کہ میں نے اسے بہت عقیدت سے تو پڑھا ہے لیکن میرے مطابق جو بھی چیز دل سے پڑھی جاتی ہے وہ آپ کے حضور قبول ہوتی ہے اور ایک بار جب قبول ہوجائے تو آپ اس فہرست میں شامل ہوجاتے ہیں جن کو چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی پہلی قسط کل جاری کی جائے گی جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتطار ہے۔
کوک اسٹوڈیو کے ابتدائی 6 سیزن روحیل حیات نے پروڈیوس کیے تھے اور اب وہ مداحوں کے اسرار پر سیزن 12 بھی پروڈیوس کر رہے ہیں۔
جب کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 7 سے 10 معروف بینڈ اسٹرنگز نے پروڈیوس کیے تھے بعدازاں سیزن 11 زوہیب قاضی اور 'نوری بینڈ' کے علی حمزہ نے پروڈیوس کیا۔