12 اکتوبر ، 2019
پاکستانی اداکارہ اور اسٹیج ڈانسر رابیکا سحر برطانیہ میں پراسرار طور پر ’لاپتہ‘ ہوگئیں۔
اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والی رابیکا شیخ لاہور میں رہائش پذیر ہیں اور گذشتہ ماہ انٹرٹینمنٹ ویزے پر برطانیہ گئی تھیں جہاں انہیں مختلف شہروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق رابیکا شیخ گذشتہ ماہ 8 ستمبر 2019 کو برطانیہ پہنچیں جس کے 5 دن بعد ہی اداکارہ نے برطانیہ میں پناہ کی درخواست دے دی تھی۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ نے پناہ کی درخواست کی وجہ ’غلامی اور انسانی اسمگلنگ‘ کو قرار دیا تھا۔
اسٹیج اداکارہ کی جانب سے آخری بار لندن میں فن کا مظاہرہ کیاگیا تھا جس کے بعد انہیں مانچسٹر میں ایک پروگرام میں شرکت کرنا تھی تاہم انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بتادیا تھا کہ انہوں نے برطانیہ میں ہی رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب وہ پاکستان واپس نہیں جائیں گی۔
لندن میں ہونے والے اس پروگرام کے دوران امیگریشن آفیسر کی جانب سے تفتیش میں رابیکا نے ایونٹ منیجر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اسے ’غلام‘ بنایا ہوا ہے۔
تاہم اس موقع پر ان کی دیگر ساتھی اداکاراؤں کی جانب سے اس کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے رابیکا کے پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آرہاکہ برطانیہ میں آنے کے 5 دن بعد رابیکا کو اچانک کیا ہوا اور وہ کیوں ’غلام‘ بنائے جانے کے الزامات لگا رہی ہے،ایسالگتا ہے کہ کوئی رابیکا کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنا چاہتا ہے۔
دوسری جانب برطانوی محمکہ کے ترجمان کی جانب سے واقعے پر کسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔