Time 13 اکتوبر ، 2019
پاکستان

ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد فرانس روانہ

ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 14 اور 15 اکتوبر کو فرانس میں ہو گا۔ فوٹو: فائل 

پاکستانی وفد فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں شرکت کے لیے فرانس روانہ ہو گیا۔

ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 14 اور 15 اکتوبر کو فرانس میں ہو گا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کریں گے۔

ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خزانہ سہیل راجپوت کے علاوہ نیکٹا، ایف آئی اے، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کے نمائندے بھی وفد کا حصہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کے اپریل 2019 تک اٹھائے گئے اقدامات پر بحث ہو گی اور رپورٹ دیکھ کر تقریبا 2 ماہ میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ ہو گا۔

ایف اے ٹی ایف اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنےکے لیے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف مطمئن نہ ہوا تو پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں ڈالنےکی سفارش کی جاسکتی ہے تاہم پاکستانی وفد مطمئن ہے کہ اس رپورٹ کی روشی میں نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو 29 اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے بتائے گئے زیادہ تر اقدامات پر عملدرآمد کر چکا ہے، کالعدم تنظیموں پر کاروبار کرنے سے متعلق پابندیاں بھی لگائی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی مالی معاونت اور مشکوک ترسیلات روکنے کے اقدمات کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان دہشت گردوں کی جائیدادیں ضبط اور انہیں کاروبار سے روکنے کے اقدامات پر بھی عمل کر چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے ضروری قانون سازی بھی ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز اور صوبوں کے درمیان عملدرآمد پر کچھ کام ہونا باقی ہے۔

مزید خبریں :