کھیل
Time 14 اکتوبر ، 2019

یونان کا ویزہ نہ ملنے پر متعدد پاکستانی فٹبالر سوکا ورلڈکپ میں شرکت سے محروم


یونان میں ہونے والے سکس اے سائیڈ فٹبال سوکا ورلڈ کپ کے لیے متعدد پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے نہ مل سکے جس کے باعث یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنا پڑگئیں۔

سکس اے سائیڈ فٹبال سوکا ورلڈکپ آج سے یونان میں شروع ہورہا ہے جس میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ سلوانیہ کے ساتھ کھیلے گی۔

پاکستان میں یونانی سفارت خانے کی جانب سے متعدد کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ کرنے کہ وجہ سے ٹیم کے متعدد کھلاڑی یونان نہیں جاسکے۔

 ٹیم کمبی نیشن  تو خراب ہو ہی چکا تھا لیکن ہنگامی صورتحال میں یورپ میں مقیم پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنا پڑیں۔

 ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے اس ٹیم کو شرکت کرنا تھا جو لیژر لیگ فائنل جیتی تھی، اس کے ساتھ اوپن ٹرائلز سے منتخب پلیئرز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بننا تھا تاہم یونانی سفارتخانے سے اکثر کھلاڑیوں کو ویزے نہ مل سکے، جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی ازسر نو تشکیل ہوئی اور ان کھلاڑیوں کو لیا گیا جو پہلے سے یورپ میں مقیم تھے یا پھر ان کے پاس یورپی ویزے موجود تھے۔

پاکستان فٹبال ٹیم کیلئے کھیلنے والے یوسف بٹ اور حسن بشیر آج ٹیم کو جوائن کریں گے۔ گول کیپر کے بغیر یونان میں موجود پاکستان ٹیم نے ہفتے کی شب کولمبیا کیخلاف وارم اپ میچ کھیلا اور پاکستان نے یہ میچ 1-2 سے ایک سے جیتا۔

میچ میں پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور پاکستان کے سابق فٹبالر گوہر زمان کو بھی میدان میں اتار دیا گیا۔

پاکستان سوکا ٹیم کے منتظمین  کا کہنا ہے کہ مجبوری میں یورپی نژاد فٹبالرز کو اسکواڈ میں شامل کرنا پڑا، امید ہے ٹیم اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوگی۔

مزید خبریں :