دنیا
Time 14 اکتوبر ، 2019

وزیراعظم 6 ماہ میں کیا کر سکتا ہے؟ آبی احمد علی ایک مثال

— ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد علی

گزشتہ دنوں سنہ 2019 کے نوبیل امن انعام کا اعلان کیا گیا جو کہ ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد علی نے جیتا۔

ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد علی کو بین الاقوامی تعاون اور امن حاصل کرنے پر "امن کے نوبیل انعام "سے نوازا گیا۔

اپریل 2018 میں وزیراعظم منتخب ہونے والے آبی احمد علی نے صرف 6 ماہ میں امن کے لیے ایسے انقلابی اقدامات کیے کہ وہ نوبیل انعام کے حقدار قرار پائے۔

آبی احمد نے دنیا کو ثابت کیا ہے کہ اگر آپ کوئی کام کرنا چاہیں تو آپ کو سالوں کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ آپ چند ہفتوں میں انقلابی اقدامات کر سکتے ہیں۔

آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ آبی احمد نے اپنی حکمرانی کے چھ میں وہ کون سے کام کیے جو کہ دنیا کے بیشتر وزرائےاعظم اور صدور کئی کئی سال حکمران رہنے کے باوجود نہیں کر پاتے۔

آبی احمد ہیں کون؟

  • 43 سال کے آبی احمد ایتھوپیا کے شہر بشاشا میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔
  • ان کے والد مسلمان جب کہ والدہ عیسائی ہیں۔
  • نوجوانی میں انہوں نے بطور ریڈیو آپریٹر فوج میں شمولیت اختیار کی۔
  • حکومت میں آنے سے قبل وہ لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے تک پہنچے۔
  • اس کے بعد وہ ادیس ابابا میں وزیر جب کہ اورومیا کے علاقے میں اپنی جماعت کے عہدیدار بنے۔
  • ان کے پاس ایم اے (ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ) اور ایم بی اے کی ڈگریاں ہیں جب کہ انہوں نے 2017 میں ادیس ابابا یونیورسٹی کے انسٹیٹوٹ فار پیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز سے ڈاکٹریٹ یعنی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

6 ماہ میں کیا اقدامات اٹھائے کہ نوبیل جیت لیا؟

  • وہ 2018 میں ایتھوپیا کے وزیراعظم مقرر ہوئے اور صرف 6 ماہ کے عرصے میں بطور وزیراعظم انہوں نے:
  1. دیرینہ دشمن سمجھے جانے والے پڑوسی ملک اریٹیریا کے ساتھ امن قائم کیا
  2. مخالفین کو جیلوں سے رہا کیا
  3. ریاستی مظالم پر معافی مانگی
  4. ملک بدر کیے گئے اور سابق حکمرانوں کی جانب سے"دہشت گرد" قرار دیے گئے مسلح گروپوں کو واپس خوش آمدید کہا۔
  • اپنی حکمرانی کے پانچویں ماہ یعنی ستمبر 2018 میں اریٹیریا معاہدے پر دستخط کیے
  • سوڈان کے سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لیے بطور ثالث سب سے اہم کردار ادا کیا۔
  • انہوں نے جنوبی سوڈان کے امن معاہدے کو بحال کرنے کی بھی کوشش کی۔

مزید خبریں :