Time 15 اکتوبر ، 2019
کھیل

سابق کپتان شاہد آفریدی نے خواتین کیلئے تعلیم عام کرنے کا بیڑا اٹھالیا

شاہد آفریدی ’تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام‘ کے عنوان سے خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے ملک کے شہر شہر اور گلی گلی کا دورہ کریں گے — فوٹو: بشکریہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک بھر میں خواتین کیلئے  تعلیم عام کرنے کا بیڑا اٹھالیا۔

کراچی میں اپنی بیٹیوں، اقصیٰ اور انشاء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، سری لنکا اور بنگلہ دیش آج تعلیم کی وجہ سے ہی پاکستان سے آگے نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم بہت ضروری ہے کیوں کہ لڑکی کو پڑھا کر ہم پوری نسل کو تعلیم یافتہ کرتے ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کی بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہے، ان کی خواہش ہے کہ ملک کی ہر بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کرے اور اس سلسلے میں وہ اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اگر حکومتیں ٹھیک کام کررہی ہوتیں تو آج غیر سرکاری تنظیموں کو میدان میں نہ آنا پڑتا۔

شاہد آفریدی ’تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام‘ کے عنوان سے خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے ملک کے شہر شہر، گلی گلی کا دورہ کریں گے اور اس مہم کا آغاز ملتان سے کریں گے۔

اس موقع پر آفریدی کی بیٹیوں نے بھی لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا۔

یاد رہے کہ سابق کپتان فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن بھی بنارکھی ہے۔

مزید خبریں :