Time 17 اکتوبر ، 2019
کھیل

عامر سب سے مہنگے پاکستانی کرکٹر



دنیائے کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے فارمیٹ ’’دی ہنڈریڈ‘‘ کے ڈرافٹ کے لیے متعین فہرست میں شامل کھلاڑیوں میں محمد عامر پاکستان کے سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔

مذکورہ فارمیٹ کا افتتاحی ٹورنامنٹ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے آئندہ برس منقعد کیا جائے گا جس کے لیے ٹیموں میں منتخب ہونے کے لیے کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

کھلاڑیوں کا انتخاب بولی سے ہی کیا جائے گا جس کے لیے کھلاڑیوں کی کم سے کم قیمت متعین کر دی گئی ہے۔

اس فہرست میں پاکستان کے 35 کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جن میں محمد عامر سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں، اُن کی بولی کے لیے کم سے کم قیمت ایک لاکھ پاؤنڈ (ایک کروڑ 99 لاکھ 55 ہزار روپے) متعین کی گئی ہے۔

عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی بیٹسمین بابر اعظم، آل راؤنڈر محمد حفیظ اور اسپنر شاداب خان کے لیے 75 ہزار برطانوی پاؤنڈ (ایک کروڑ 49 لاکھ 66 ہزار روپے) متعین کیے گئے ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، شاہد آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں جن کی بولی 60 ہزار برطانوی پاؤنڈ (ایک کروڑ 19 لاکھ 73 ہزار روپے) متعین کیے گئے ہیں۔

آصف علی، محمد عباس اور عماد وسیم کی بولی 50 ہزار پاؤنڈ (99 لاکھ 77 ہزار روپے) جبکہ عمر اکمل، حسن علی، محمد حسنین اور فخر زمان کی بولی 40 ہزار پاؤنڈ (79 لاکھ 82 ہزار روپے) سے شروع ہوگی۔

علاوہ ازیں ڈرافٹ کی فہرست میں 18 پاکستانی کھلاڑی ایسے ہیں جن کے لیے کوئی رقم متعین نہیں کی گئی۔

ان کھلاڑیوں میں افتخار احمد، کامران اکمل، سیف بدر، میر حمزہ، محمد عرفان، جنید خان، عدیل ملک، صہیب مقصود، اسامہ میر، محمد نواز، محمد رضوان، اسد شفیق، یاسر شاہ، احمد شہزاد، حارث سہیل، امام الحق، سہیل تنویر اور عمر امین شامل ہیں۔

جن بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے سب سے زیادہ رقم متعین کی گئی ہے ان میں کرس گیل، لاستھ ملنگا، کاگیسو ربادا، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں جن کی بولی کے لیے متعین کردہ ابتدائی رقم ایک لاکھ 25 ہزار برطانوی پاؤنڈ (2 کروڑ 49 لاکھ 43 ہزار روپے) ہے۔

ای سی بی کا فارمیٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایک ٹیم 12 کھلاڑیوں کو متنخب کرے گی جس میں 3 غیر ملکی کھلاڑی جبکہ دیگر مقامی کھلاڑی شامل ہوں گے۔

ای سی بی کی جانب سے دی ہنڈریڈ جولائی 2020 میں منعقد کیا جائے گا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، یہ ٹورنامنٹ 20 اوورز (120 گیندوں) کے بجائے 100 گیندوں پر مشتمل ہوگا۔

فارمیٹ کے مطابق میچ کی دونوں اننگز 100، 100 گیندوں پر مشتمل ہوں گی جس میں 10 گیندوں بعد بولنگ اینڈ تبدیل ہوجائے گا جسے اوور کی تبدیلی بھی کہتے ہیں۔

اس فارمیٹ میں اینڈ کی تبدیلی تو 10 گیندوں بعد ہی ہوگی تاہم کپتان کے پاس مسلسل 5 گیندوں کے بعد ایک بولر کی جگہ دوسرے بولر کو استعمال کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

خیال رہے کہ یہ کرکٹ میں متعارف کروایا جانے والا نیا فارمیٹ ہوگا کیونکہ اس وقت کسی بھی طرز کی کرکٹ میں ایک اوور 6 گیندوں پر مشتمل ہوتا ہے جو صرف ایک ہی بولر کی ذمہ داری ہوتی ہے، اوور کے اختتام کے بعد بولنگ کے لیے نیا بولر وکٹ کی دوسری جانب سے گیند پھینکتا ہے۔

دی ہنڈریڈ میں اننگز کے دوران ایک بولر ضائع شدہ گیندوں (وائڈ، ڈیڈ اور نو بال) کے علاوہ صرف 20 مرتبہ گیند بازی کر سکے گا۔

اس فارمیٹ میں پاور پلے بھی متعارف کروایا گیا ہے جو ابتدائی 25 گیندوں پر مشتمل ہوگا۔

مزید خبریں :