19 اکتوبر ، 2019
جیکب آباد کے علاقے ٹُھل کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر آکسیجن نہ ملنے پر 4 نومولود جاں بحق ہو گئے۔
نجی اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق چاروں نومولود انکیوبیٹر میں تھے، آکسیجن ختم ہونے پر دوسرا آکسیجن سلینڈر لگا رہے تھےکہ بچے انتقال کر گئے۔
نومولود بچوں کے انتقال پر ورثاء نجی اسپتال کی انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج ہو گئے۔
ورثاء کی جانب سے الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ ان کے بچے نجی اسپتال کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث جان سے چلے گئے لہذا اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، اسپتال سیل
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نجی اسپتال کو سیل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سمیع اللہ سجنرانی کو واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے دو روز میں واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔