Time 20 اکتوبر ، 2019
پاکستان

ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائیں گے: پاک فوج

پاک فوج ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی: ڈی جی آئی ایس پی آر— فوٹو: فائل 

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی میڈیا کی جانب سے آزادکشمیر میں مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانےکا دعویٰ جھوٹ قرار دے دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کو لے جانے کی کوشش میں سفید جھنڈا لہرا دیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے، بھارتی فوج کو عسکری آداب کا احترام کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایل اوسی پر معصوم شہریوں کی حفاظت جاری رکھےگی اور  ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی۔

بھارتی میڈیا کا آزادکشمیر میں مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانےکا دعویٰ جھوٹا قرار 

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا آزادکشمیر میں مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانےکا جھوٹا دعویٰ کررہا ہے، بھارتی میڈیا میں اخلاقی جرات ہے تو پاک فوج کی جوابی کارروائی سے ہونے والا نقصان دکھائے۔


انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے پچھلے دعوؤں کی طرح یہ بھی جھوٹا ثابت ہوگا اور پاکستانی میڈیا کی اخلاقی اقدار پر عمل کرکے بھارتی میڈیا ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے 24 گھنٹے کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا  اور جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے جبکہ 2 بھارتی بنکرز بھی تباہ ہوئے۔ 

مزید خبریں :