Time 21 اکتوبر ، 2019
پاکستان

ایم کیو ایم نے وزیراعظم کو اسیر ساتھیوں کی رہائی اور دفاتر کھولنے کا وعدہ یاد دلادیا

عمران خان کو یاد دلایا کہ انہی بنیادی حقوق کی بنیاد پر حکومت میں شامل ہوئے تھے، خالد مقبول صدیقی کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گفتگو— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی آئے جہاں انہوں نے وفاق میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں سندھ کے سیاسی معاملات اور دیگر امور پر گفتگوکی گئی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم سے اسیر ساتھیوں کی رہائی اور دفاتر کھولنے پر بات کی، وزیراعظم کو یاد دلایا کہ انہی بنیادی حقوق کی بنیاد پر حکومت میں شامل ہوئے تھے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انہوں نے اپنے بےگناہ اسیر کیے گئے ساتھیوں کی رہائی اور لاپتہ ساتھیوں کی بازیابی پر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے سیل کیے گئے 200 دفاتر کھولنے پر بھی بات کی ہے، وزیراعظم کو یاد دلایا ہے کہ انہی بنیادی حقوق کی بنیاد پر وہ حکومت میں شامل ہوئے تھے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی خواہش بہت پرانی ہے، اس حکومت نے ابھی خواہشات پر ٹیکس نہیں لگایا۔

خالد مقبول نے کہا کہ 11 سال کے تجربات سے اس نتیجے پر پہنچے ہيں کہ سندھ حکومت سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے موقع پر گورنر سندھ اور سندھ اسمبلی کے پی ٹی آئی ارکان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وفاق کو کراچی میں پانی، ٹرانسپورٹ، ویسٹ منیجمنٹ اور دیگر مسائل کا مکمل ادارک ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کے عوام اور کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا، سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح کے لیے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :