Time 21 اکتوبر ، 2019
کاروبار

حفیظ شیخ کی عالمی بینک اور آئی ایم ایف سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں


وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے واشنگٹن کے دورے کے دوران عالمی بینک کے  منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آپریشنز ایکسل وان ٹراٹسن برگ اور انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جوجیوا سے علحیدہ ملاقاتیں کیں۔

اعلامیے کے مطابق مشیر خزانہ نے ملاقاتوں میں عالمی اداروں کے سربراہان کو پاکستانی معیشت میں استحکام، ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی کوششوں اور بالخصوص موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی اشاریوں میں ہونے والی نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔

عالمی بینک کے ایم ڈی ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے مشیر خزانہ کو بتایا کہ پاکستان عالمی بینک کے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہونے کے علاوہ انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کردہ امداد سے بھی بڑے پیمانے پر استفادہ کر رہا ہے۔

عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آپریشنز ایکسل وان ٹراٹسن برگ سے حفیظ شیخ کی ملاقات — فوٹو: ورلڈ بینک ٹوئٹر

عالمی بینک کے سربراہ نے معاشی نمواورترقی کیلئے بھر پور امداد کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ  پاکستان کو عالمی بینک کے دستیاب وسائل کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) آپریشنز ایکسل وان ٹراٹسن برگ سے حفیظ شیخ مصافحہ کرتے ہوئے— فوٹو: ورلڈ بینک ٹوئٹر

مشیر خزانہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے منصوبوں کی تکمیل کی رفتار بہتر بنانے کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں اصلاحات متعارف کروائے جانے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 6 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت عالمی مالیاتی فنڈ تین سالہ معاشی پیکج کے تحت پاکستان کو یہ رقم فراہم کرے گا۔

رواں سال جون میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر قرض کا معاہدہ طے پایا تھا۔

مزید خبریں :