نیب حراست میں نواز شریف کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف صحت کے شدید مسائل کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہیں طبی معائنے کیلئے سروسز اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔

نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے دفتر میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد بتایا کہ نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد صرف 12 ہزار رہ گئی ہے۔

— فوٹو: ڈاکٹر عدنان 

ڈاکٹرز کی سفارش پر نواز شریف کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اپنے بھائی کی ناساز طبیعت کا سن کر فوری طور پر نیب آفس گئے جہاں سے نواز شریف کے ہمراہ اسپتال پہنچے۔

کارکنوں کی بڑی تعداد سروسز اسپتال کے باہر موجود ہے اور سابق وزیراعظم کی صحتیابی کیلئے دعائیں کی جارہی ہیں۔

رات 8 بجے کی رپورٹ کے مطابق پلیٹیلیٹس 16 ہزار کی سطح پر تھے جو مزید کم ہوکر 12 ہزار ہوگئے ہیں۔

نواز شریف کا ڈینگی کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے: ترجمان نیب 

قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت کنٹرول میں ہے اور ڈینگی کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج آج 3 گھنٹے تک ان کے ساتھ رہے ہیں اور انہیں ہر 2 سے 3 روز میں نواز شریف کے معائنےکی اجازت دی جاتی رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق نوازشریف کی ٹیسٹ رپورٹ ملنےکے بعد انہیں سروسز اسپتال منتقل کیاگیا جبکہ اسپتال منتقلی کے بارے میں نواز شریف کو بھی آگاہ کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ شہباز شریف کی درخواست پر انہیں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دی گئی، شہباز شریف کے اصرارپر ہی نواز شریف اسپتال روانہ ہوئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ چیک اپ اور تمام ضروری رپورٹس کے جائزے کے بعد آگے کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ 

نوازشریف کی جان سے کھیلا جارہا ہے، شہباز شریف

اس حوالےسے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ  خطرناک علامات کے باوجود نوازشریف کو اسپتال منتقل نہ کرنا بدترین انتقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف کی سرکاری طبی رپورٹس میں سنگین خطرات کی واضح نشاندہی کی گئی ہے، نواز شریف کواسپتال منتقل نہ کرنا حکومتی بے حسی اور بدترین سیاسی انتقام پرمبنی پالیسی ہے، نوازشریف کی جان سے کھیلا جارہا ہے۔

 شہباز شریف نے مزید کہا کہ خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان کو قاتل ٹھہرائیں گے،  عوام کے حق کیلئے لڑنے والے قائد کی خاطر ہر خطرے سے ٹکرا جائیں گے، جیل مینوئل پر عمل نہ کرکے کم ظرف حکمران لاقانونیت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات واضح ثبوت ہیں کہ نوازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ‎یہ اقدامات ثبوت ہیں کہ عمران خان کے حکم پر نوازشریف کو اسپتال نہیں لے جایا جارہا، عقل سے عاری اور تکبر سے بھرے حکمران اپنی حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔

نواز شریف کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں، مریم اورنگزیب

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی نوازشریف کو فوری اسپتال منتقل کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی جان کو سنگین طبی خطرات لاحق ہیں، انہیں فوری اسپتال منتقل کیاجائے، نوازشریف کو خدانخواستہ نقصان پہنچا تو عوام کا ہاتھ اور عمران خان کا گریبان ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ذاتی معالج نے سرکاری رپورٹس دیکھ کر خبردار کیا ہے کہ نوازشریف کی جان کو خطرہ ہے، سرکاری رپورٹس میں ان طبی خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے، خون میں سفید خلیوں کی تعداد میں نمایاں کمی انتہائی خطرناک علامت ہے، نظرانداز کرنا جان لیوا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیسی کم ظرف، ظالم، بےحس حکومت ہے جو سیاسی مخالف کو علاج، خوراک اور دوا سے محروم کرتی ہے، عمران خان نوازشریف کو اسپتال منتقل نہ کرکے آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ چھپ نہیں سکتا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ علاج سے محروم رکھ کر عمران خان، نوازشریف کو عوام کے حق کی بات کرنے سے دستبردار نہیں کراسکتے، نوازشریف آپ کے علاج، اسپتال کو ٹھوکر مارتا ہے، قانون کے تحت قیدی کے قانونی حقوق پورے کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان سیاسی انتقام میں اندھے، بہرے اور گونگے نہ بنیں، ان اوچھے ہتھکنڈوں سے کیا آپ نوازشریف کو ملک میں سی پیک لانے کی سزا دے رہے ہیں؟‘

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کو ملک میں 11 ہزار میگاوٹ بجلی لاکرغریبوں کو اندھیروں سے نجات دینے کی سزا مل رہی ہے، نوازشریف کو سزا مل رہی ہے کہ اس نے پاکستان کو معاشی ترقی کیوں دی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جبکہ وہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مزید خبریں :