22 اکتوبر ، 2019
سروسز اسپتال لاہور کے پرنسپل پروفیسر ایاز محمود کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خون کے نمونوں سے متعلق ٹیسٹ تسلی بخش نہیں ہیں۔
پرنسپل سمز پروفیسر ایاز محمود نے بتایا کہ نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ تسلی بخش ہیں اور کچھ نہیں، جو ٹیسٹ تسلی بخش نہیں ان کو دوبارہ کروا رہے ہیں۔
پروفیسر ایاز محمود نے کہا کہ نواز شریف کے خون سے متعلقہ ٹیسٹوں کی رپورٹس تسلی بخش نہیں ہیں۔
دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس اس وقت 10 ہزار کے قریب ہیں، نواز شریف کو پلیٹلیٹس لگانے کے لیے خون کے نمونے لیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا بلڈ گروپ او پازیٹو ہے اور نواز شریف کو پلیٹلیٹس لگانے کے لیے نوجوانوں کا خون بہتر رہے گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی سابق وزیراعظم نواز شریف کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔