Time 22 اکتوبر ، 2019
کھیل

ندا ڈار آسٹریلوی ویمن بگ بیش لیگ میں ’لیڈی بوم بوم‘ کے نام سے مشہور ہوگئیں

شاہد آفریدی کے ہر انداز کو فالو کرنے والی ندا ڈار کو آسٹریلوی میڈیا ’لیڈی بوم بوم‘ کے نام سے پکار رہا ہے— فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی جارح مزاج آل راؤنڈر ندا ڈار آسٹریلیا میں جاری ویمن بگ بیش لیگ میں ’لیڈی بوم بوم‘ کے نام سے مشہور ہوگئیں۔

71 ون ڈے اور 96 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ندا ڈار قومی ٹیم میں اپنی جارح مزاج کرکٹ کی وجہ سے مشہور ہیں۔

شاہد آفریدی کے ہر انداز کو فالو کرنے والی ندا ڈار اب باضابطہ طور پر ’لیڈی بوم بوم‘ کے نام سے مشہور ہوگئیں ہیں اور آسٹریلوی میڈیا بھی اب انہیں اِس نام سے پکار رہا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو میں ندا ڈار کا کہنا تھا کہ وہ بگ بیش میں حصہ لینے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جس کی وجہ سے ان پر یہ ذمہ داری بھی ہے کہ وہ سڈنی تھنڈرز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور خود کو منوائیں۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ لڑکوں کے ساتھ لڑکا بن کر ہی کرکٹ کھیلتی تھیں، ان کی کوشش ہوگی کہ بگ بیش میں وہ جو کچھ سیکھیں، وطن واپس آکر اپنی ساتھیوں کو بھی اس سے آگاہ کریں۔

دوسری جانب ’بوم بوم‘ شاہد آفریدی بھی ندا ڈار کی کامیابیوں کے متعرف ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ندا ڈار ایک گیم چینجر ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ دعا ہے کہ ندا کے فلک شگاف چھکے بہت دور تک جائیں اور وہ سب کیلئے مثال بنیں۔

مزید خبریں :