پاکستان
Time 23 اکتوبر ، 2019

آصف زرداری کی بھی طبیعت خراب، پمز میں زیر علاج

پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کے وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے — فوٹو:فائل

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری بھی کمر اور گردن کی تکلیف کے باعث پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز  (پمز)  میں زیرعلاج ہیں۔

پمز اسپتال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری کے وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے آج خون کے ٹیسٹ کیے گئے اور ان کی رپورٹ آنے کے بعد ہی ان کا علاج شروع کیا جائے گا۔

سابق صدر  اور ان کی بہن فریال تالپور  جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی کی حراست میں ہیں۔

'وزیراعظم کا زرداری اور نواز شریف کو نیب اور اسپتال پہنچانے میں کوئی کردار نہیں '

آصف علی زرداری کے علاوہ نیب کی حراست میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف بھی طبیعت خراب ہونے کے باعث لاہور کے سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب اپنے رہنماؤں کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کا الزام حکومت پر لگایا جاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا زرداری اور نواز شریف کو نیب اور اسپتال پہنچانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں قانون کسی کا تابع نہیں بلکہ آزاد ہوچکا ہے، قانون کا شکنجہ کسی کے لیے ڈھیلا نہیں کیا جارہا۔

مزید خبریں :