23 اکتوبر ، 2019
اسلام آباد: سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سروسز اسپتال میں اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال لایا گیا جہاں انہوں نے والد نواز شریف سے ملاقات کی۔
مریم نواز نے ملاقات سے پہلے ڈاکٹروں سے نواز شریف کی صحت سےمتعلق بریفنگ لی جبکہ اُن کی والد سے ملاقات ایک گھنٹے سے جاری ہے۔
مریم نواز کو والد سے ملاقات کی فوری اجازت دی گئی: محکمہ داخلہ
دوسری جانب ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اپنے والد سے اسپتال میں ملاقات کے لیے درخواست دی تھی جس پر انہیں فوری اجازت دی گئی۔
ترجمان کے مطابق مریم نواز نے درخواست میں کہا تھا کہ عدلیہ سےاجازت مانگی تو انہوں نے محکمہ داخلہ سے رابطے کا کہا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رابطہ کیا تھا اور ہدایت کی تھی کہ نوازشریف سے مریم نواز کی ملاقات کرائی جائے۔
خیال رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران مریم نواز نے والد سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور اس دوران وہ آبدیدہ بھی ہوگئیں تھیں۔
عدالت نے ان کی درخواست کو دائرہ اختیار میں نہ ہونے کے باعث رد کردیا تھا۔
اس سے قبل بھی وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ٹیلیفون کرکے نواز شریف کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ نواز شریف ان دنوں سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ اُن کی صاحبزادی مریم نواز چوہدری مل کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔