10 ہزار سال کا کام صرف 3 منٹ میں کرنے والا کمپیوٹر

 گوگل اپنے نئے جدید ترین کوانٹم کمپیوٹر کو کمپوٹر سائنس کی تحقیق میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہا ہے — فوٹو:رائٹر

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے ایک ایسا جدید ترین کمپیوٹر تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو 10 ہزار سال کا کام صرف 3 منٹ میں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ امریکی کمپنی گوگل  کے مطابق اس نے ایک ایسا جدید ترین کوانٹم کمپیوٹر تیار کیا ہے جو مشکل ترین اور پیچیدہ کام سوپر کمپیوٹر  کے مقابلے میں صرف 3 منٹ میں پورا کرسکتا ہے جبکہ سوپر کمپیوٹر کو یہ کام کرنے میں 10 ہزار سال لگ سکتے ہیں۔

 گوگل اپنے جدید ترین کوانٹم کمپیوٹر کو کمپوٹر سائنس کی تحقیق میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہا ہے۔

گوگل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے 54 کیوبٹ کوانٹم کمپیوٹر سنکامور نے ایک پیچیدہ مسئلے کو محض 200 سیکنڈز میں سلجھا دیا جبکہ اب تک دنیا کے تیز ترین سمجھے جانے والے سپر کمپیوٹر کو یہی مسئلہ سلجھانے میں 10 ہزار سال لگیں گے۔

گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پیچائی نے اس سنگ میل کو زمین سے خلا میں کامیابی سے جانے والے پہلے راکٹ کی ایجاد کے برابر قرار دیا ہے جس کے بعد انسان کے خلا میں سفر کا آغاز ہوا تھا۔

سندرپیچائی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ سوچ کر انتہائی پرجوش ہوں کہ اس کمپیوٹر کی ایجاد ہمارے مستقبل کیلئے کیا معنی رکھتی ہے۔  اس کے ذریعے کائنات کو سمجھنے کیلئے ایک نیا راستہ ملے گا اور دنیا کو ہم بہتر طریقے سے سمجھ سکیں گے۔

سندر پیچائی نے اس سنگ میل کو زمین سے خلا میں کامیابی سے جانے والے پہلے راکٹ کی ایجاد کے برابر قرار دیا ہے ،فوٹو: رائٹر

دوسری جانب گوگل کے اس دعوے پر اس کی حریف سوپر کمپیوٹر بنانے والی امریکی کمپنی انٹرنیشنل بزنس مشینز کارپوریشن (آئی بی ایم) نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ گوگل نے آئی بی ایم کے بنائے ہوئے سپر کمپیوٹرز کی صلاحیت کے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے۔

آئی بی ایم کا تیار کردہ سپر کمپیوٹر — فوٹو: فائل

آئی بی ایم کا کہنا ہے کہ جس پیچیدہ کام کے بارے میں گوگل  دعویٰ کررہا  ہے کہ دس ہزار سال میں مکمل ہو گا، وہ  آئی بی ایم کا تیار کردہ سپر کمپیوٹر  ڈھائی دن میں مکمل کر سکتا ہے۔

مزید خبریں :