پاکستان
Time 25 اکتوبر ، 2019

نواز شریف کو لاحق مرض اکیوٹ آئی ٹی پی کیا ہے؟

فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کے مرض کی تشخیص ہو گئی ہے اور ڈاکٹرز کے مطابق انہیں اکیوٹ آئی ٹی پی کا مرض لاحق ہے۔

ماہر امراض ہیماٹالوجسٹ پروفیسر طاہر سلطان شمسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی بیماری تشخیص ہو گئی ہے اور ان کو لاحق بیماری کا نام اکیوٹ آئی ٹی پی ہے جب کہ نواز شریف کے مرض کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مرض کا علاج پاکستان میں موجود ہے۔

اکیوٹ آئی ٹی پی کیا ہے؟

طب کی زبان میں اس بیماری کو Immune thrombocytopenic purpura (آئی ٹی پی) کہتے ہیں۔

اکیوٹ آئی ٹی پی دو طرح کا ہوتا ہے، ایک عارضی یا کم مدتی اور دوسرا طویل دورانیے کا۔ اکیوٹ آئی ٹی پی عام طور پر 6 ماہ تک رہتا ہے۔

یہ مرض عموماً چھوٹی عمر کے بچوں کو ہوتا ہے جو کہ آئی ٹی پی کی ایک عام قسم ہے جب کہ اکیوٹ آئی ٹی پی اکثر وائرل انفیکشن کے بعد ہوتا ہے۔

عام طور پر انسان کے جسم کی قوت مدافعت انفیکشنز سے لڑنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے لیکن آئی ٹی پی کے دوران قوت مدافعت بری طرح متاثر ہوتی ہے جس کی وجہ سے پلیٹلیٹس بار بار ٹوٹتے رہتے ہیں۔

اکیوٹ آئی ٹی پی کا علاج

پروفیسر طاہر شمسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی بیماری کا علاج اسٹیرائیڈ اور آئی وی آئی جی انجیکشن کے ذریعے ہو سکتا ہے۔

ان کے مطابق یہ ادویات ملنے کے بعد مریض کے پلیٹیلیٹس بننا شروع ہو جاتے ہیں، آئی وی آئی جی انجیکشن ملنے کے 10 سے 12 روز بعد مریض کے پلیٹیلیٹس تقریباً نارمل ہو جاتے ہیں۔

مزید خبریں :