Time 25 اکتوبر ، 2019
پاکستان

سانحہ ساہیوال: وزیراعظم کا ملزمان کی بریت کیخلاف اپیل دائر کرنے کا حکم


وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں کی بریت کے عدالتی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار  کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔

گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ساہیوال میں 4 افراد کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی فیصلے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور اسے انصاف کا قتل عام قرار دیا جا رہا تھا۔

ترجمان وزیراعظم افضل ندیم چن نے بھی سانحہ ساہیوال سے متعلق کیس کے عدالتی فیصلے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  کیس میں انصاف نہیں ہوا اور جلیل کی باتوں سے لگ رہا ہے اس نے پیسے لے کر یا دباؤ میں صلح کی ہے۔

اب وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی بریت کے عدالتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ ملزم کے خلاف مقدمہ ثابت کرنے میں ناکام رہا اور گواہوں میں سے کسی نے بھی واقعہ کی موجودگی کی شہادت نہیں دی۔

وزارت داخلہ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف کی فراہمی میں مشکلات کی ایک بہت ہی قابل افسوس مثال ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کو ملزمان کی بریت کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان نے وزارت داخلہ کے حکام سے کہا ہے کہ تحقیقات اور استغاثہ کی خامیوں کی انکوائری اور ان کی نشاندہی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو ریاست کے مختلف حصوں میں موجود غلطیوں اور خامیوں کی نشاندہی کرنے والوں کو بھی شناخت کرنا چاہیے، متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے خصوصی تجاویز پیش کی جائیں۔

عمران خان نے تعمیل کی ایک رپورٹ اس وزارت اور وزیراعظم آفس کو 3 روز کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :