Geo News
Geo News

Time 26 اکتوبر ، 2019
انٹرٹینمنٹ

ایف پی ڈبلیو 2019: 'سب اوور ہی ہوگئے'

فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلیو) ونٹر فیسٹیول—انسٹاگرام فوٹو

فیشن پاکستان ویک کا ریمپ کبھی نت نئی کلیکشن سے سب کی توجہ مرکوز کرواتا ہے تو کبھی ستاروں کے ریمپ پر انوکھے انداز مرکز نگاہ بن جاتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ رواں برس کے فیشن پاکستان ویک (ایف پی ڈبلیو) ونٹر فیسٹیول میں دیکھنے کو ملا۔

فیشن شو کے دوسرے روز ڈیزائنر ہمایوں عالمگیر نے اپنی ٹکسی ڈوز کلیکشن کے لیے شوبز ستاروں کا انتخاب کیا اور سب کو ہی آخر میں شو اسٹوپر قرار دیا۔

ڈیزائنر عالمگیر نے اپنی کلیکشن کی تھیم ’اسٹائل مارا تو ڈرنا کیا‘ کے لیے اداکار اسد قریشی، منیب بٹ، آغا علی، شہزاد شیخ، فہد مرزا اور علی سفینا کا انتخاب کیا۔

ان میں سے کچھ اداکاروں نے ریمپ پر اتنے منفرد جلوے بکھیرے کے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے پسندیدگی کا اظہار کرنے کے بجائے سب پر تنقید کی بوچھاڑ ہی کر ڈالی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صرف منیب بٹ اور آغا علی ریمپ پر واک کرتے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ شہزاد شیخ، اسد قریشی، علی سفینا اور فہد مرزا منفرد رقص اور تفریح کر رہے ہیں۔


اسٹارز کے ریمپ پر شغل کا انداز مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔

عمارہ سلیم نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ سب پاگل ہوگئے ہیں جب کہ تہور راجبوت نامی شخص کا کہنا تھا کہ 'سب اوور ہی ہوگئے'۔

مدیحہ نامی صارف لکھتی ہیں کہ یہ کونسا اسٹینڈرڑ سیٹ کر رہے ہیں۔

پوسٹ پر کیے جانے والے تبصرے—اسکرین گریب

اس کے ساتھ ساتھ کچھ مداحوں نے منیب بٹ اور آغا علی کی ریمپ واک کو خوب سراہا۔

دوسری جانب اداکارہ حنا الطاف کا ریمپ پر جلوے بکھیرنے کا انداز پرستاروں کو ہنسنے پر مجبور کرگیا۔

حنا الطاف نے برانڈ ’زیلبری‘ کے لیے بطور شو اسٹوپر ریمپ واک کی جس کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ وہ طویل کافتان اسٹائل والا لباس زیب تن کیے انتہائی جوش و جذبے سے ڈیزائنر کو کھینچتے، گرتے سنبھلتے ریمپ پر واک کرتی ہیں۔












ایف پی ڈبلیو ونٹر فیسٹول میں نہ صرف شو اسٹوپر گرتے سنبھلتے دکھائی دیے بلکہ ڈیزائنرز بھی ریمپ پر لڑکھڑاتے نظر آئے۔

سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے ڈیزائنر  صباء اسد کی عروسی کلیکشن کے لیے  بطور شو اسٹوپر ریمپ واک کی۔ اس دوران ان کا دلہن کے لباس کے ساتھ جاگرز جوتوں کا انتخاب کرنا سب کو بھایا۔

لیکن آخر میں جب ان کی ڈیزائنر صباء اسد نے ان کے ساتھ واک کی تو وہ  اونچی ہیلز کے باعث اپنے آپ کو سنبھال نہ سکیں اور گر گئیں۔
















یاد رہے کہ گزشتہ برس ایف پی ڈبلیو ونٹر فیسٹیول 2018 کے آخری روز  میں نامور پاکستانی ڈیزائنر دیپک پروانی کے سولو شو میں ریمپ پر مہوش حیات کے بجائے ننھا ماڈل خضر اپنے منفرد معصوم انداز کی بدولت مرکزِ نگاہ بنا تھا۔

اس کے علاوہ اداکارہ زارا نور عباس نے ایف این کے ایشیاء فیشن ویک پاکستان میں پہلی مرتبہ منفرد انداز میں ریمپ پر واک کی تھی، لیکن یہ واک اتنی 'تیز' تھی کہ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداحوں سمیت کچھ ماڈلز نے بھی ان کے انوکھے انداز کا مذاق اڑایا گیا تھا۔