Time 27 اکتوبر ، 2019
پاکستان

پاکستانی شہریت منسوخ ہونے پر حافظ حمد اللہ کا بیان سامنے آ گیا

فوٹو: فائل

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے پاکستانی شہریت کی منسوخی پر سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ کا بیان سامنے آ گیا۔

گزشتہ روز نادرا نے جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کر دی تھی جب کہ پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایت کی تھی کہ حافظ حمداللہ کو ٹاک شوز میں نہ بلایا جائے۔

پاکستانی شہریت منسوخ ہونے پر حافظ حمداللہ کا سوشل میڈیا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

سابق سینیٹر نے فیصلے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے نادرا کے فیصلے کی روشنی میں مجھے غیر ملکی قرار دیتے ہوئے میرے ٹی وی ٹاک شوز پر پابندی عائد کی۔

حافظ حمداللہ نے کہا کہ جب ایک شخص سینیٹر رہا ہو، وزیر رہا ہو اور پاکستان میں بار بار الیکشن لڑ چکا ہو، کیا ہمارے اداروں نے اس شخص کی شہریت کے حوالے سے تصدیق نہیں کی۔

ان کا کہنا ہے کہ جب میں نے اکتوبر 2002 میں پرویز مشرف کے دور میں الیکشن لڑا تو ہمارے ادارے بہت زیادہ متحرک تھے کیونکہ 2001 میں نائن الیون کا واقعہ ہوا تھا اور ایک سال بعد الیکشن ہو رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ میری پیدائش چمن کے میونسپل علاقے کے محلے حاجی حسن کی ہے، آج بھی وہ محلہ موجود ہے اور آج بھی وہ جگہ موجود ہے جہاں میری پیدائش ہوئی تھی، چمن کے سارے لوگ مجھے جانتے ہیں۔

مزید خبریں :