Time 27 اکتوبر ، 2019
کھیل

بسمہ معروف ٹی ٹوئنٹی میں 2 ہزار رنز بناکر شعیب ملک کے برابر آگئیں

— فوٹو: فائل 

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ  معروف خواتین کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 ہزار رنز بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔

بسمہ معروف نے یہ اعزاز گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلادیش کیخلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں اپنے نام کیا۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے 2 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کا سنگ میل ہفتے کو بنگلا دیش کیخلاف میچ کے چھٹے اوور میں عبور کیا۔

28 سالہ بسمہ معروف یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی پاکستانی اور تیسری ایشیائی خاتون ہیں، ان سے قبل بھارت کی متالی راج اور ہرمپریت کور بھی ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو، دو ہزار رنز مکمل کرچکی ہیں۔

بسمہ معروف اس سال بھرپور فارم میں ہیں، انہوں نے 9 اننگز میں 299 رنز بنائے ہیں،فوٹو:فائل

تاہم اہم بات یہ ہے کہ بسمہ پاکستان کی مجموعی طور پر صرف دوسری کرکٹر ہیں جنہوں نے 20 اوور کی بین الاقوامی کرکٹ میں2 ہزار رنز بنائے ہیں۔

ان سے قبل مینز ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک بھی یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔

شعیب ملک نے ٹوئٹر پر  اپنے پیغام میں بسمہ معروف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 'آپ نے ایک  بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے ٹیم کی قیادت اور انفرادی کارکردگی کے ذریعے ایک بہترین مثال قائم کی ہے'۔

جواب میں بسمہ معروف نے بھی شعیب ملک  کا شکریہ اداکیا۔

پاکستانی کپتان نے 95 اننگز میں 2 ہزار 23 رنز بنائے ہیں اور وہ خواتین کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والوں کی فہرست میں اب آٹھویں نمبر پر آگئی ہیں۔

بسمہ معروف اس سال بھرپور فارم میں ہیں، انہوں نے 9 اننگز میں 299 رنز بنائے ہیں جو سال 2019 میں کسی بھی پاکستانی خاتون کے سب سے زیادہ مجموعی ٹی ٹوئنٹی رنز ہیں۔

مزید خبریں :