پاکستان
Time 01 نومبر ، 2019

آزادی مارچ: عوام کسی کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے سامنے سرجھکانے کو تیار نہیں، بلاول


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اس ملک کے عوام کسی کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے سامنے سرجھکانے کوتیارنہیں۔

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اس ملک کے عوام کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ سے آزادی چاہتے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نےدہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جام شہادت نوش کیا،آپ کے ہمارے جمہوری حقوق چھینے جا رہے ہیں۔

بلاول نے مزید کہا کہ الیکشن میں سلیکشن کرا کر دھاندلی کی جاتی ہے، کٹھ پتلی وزیر اعظم معیشت پر حملہ کرتا آ رہا ہے،کٹھ پتلی حکومتیں عوام کا خیال نہیں رکھتیں،جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ٹیکسز کے طوفان اور مہنگائی کے سونامی سے عام آدمی کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے،پنشنز میں اضافہ نہ کر کے بزرگوں کو معاشی طور پر قتل کیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کو جانا پڑے گا۔

خیال رہے کہ جے یو آئی ف نے 27 اکتوبر کو ملک بھر میں آزادی مارچ شروع کیا تھا اور اس مارچ کو 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچنا تھا۔ حکومت اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان معاہدہ ہوا ہے کہ مارچ کے شرکاء اسلام آباد کے ایچ 9 گراؤنڈ میں پرامن جلسہ کریں گے اور وہاں سے آگے نہیں جائیں گے۔

بلاول بھٹو اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی کو بھی جلسے میں شرکت کیلئے 31 اکتوبر کا وقت دیا گیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ کا مرکزی قافلہ اسلام آباد میں تو داخل ہوگیا ہے لیکن جلسے کے مقام پر نہیں پہنچا جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ از خود ہی جلسے سے خطاب کردیں گے۔

یکم نومبر کو پیپلز پارٹی کو رحیم یار خان میں بھی جلسہ کرنا ہے البتہ جے یو آئی ف کی قیادت کی درخواست پر بلاول نے کہا ہے کہ وہ وقت نکال کر دوبارہ آزادی مارچ کے جلسے میں شرکت کرنے کی کوشش کریں گے۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ آزادی مارچ کا اہم جلسہ جمعے کو ہوگا جس میں مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :