دنیا
Time 02 نومبر ، 2019

فیس بک کا جھوٹے سیاسی اشتہارات نہ روکنے کا اعلان

— فیس بک بانی مارک زکربرگ / فائل فوٹو

فیس بک نے اپنی متنازع پالیسی کو برطانیہ تک پھیلاتے ہوئے وہاں سیاستدانوں کو الیکشن کے دوران جھوٹے اشتہارات چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اس متنازع پالیسی کا دفاع برطانیہ کے سابق ڈپٹی وزیراعظم اور فیس بک کے ملازم نک کلیگ بھی کر رہے ہیں جو 2016 کے بریگزٹ ریفرنڈم کے دوران سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلائے جانے کی شکایت کرنے میں پیش پیش تھے۔

برطانیہ میں دار العوام یعنی ہاؤس آف کامنز کے تاریخی انتخابات اگلے ماہ  یعنی دسمبر میں ہوں گے اور اب فیس بک اپنی اس پالیسی کے تحت برطانیہ میں انتخابی امیدواروں کی جانب سے چلائے جانے والے اشتہارات کو فیکٹ چیکنگ یعنی جھوٹ اور سچ کی تفریق کے عمل سے نہیں گزارے گا۔

جب کہ اس کے برعکس فیس بک بریگزٹ کے حامی "لیو ای یو " سمیت دیگر سیاسی گروپس پر پابندی کی پالیسی کو برقرار رکھے گا۔

فیس بک ایسی ہی پالیسی امریکا کے انتخابات میں بھی وہاں نافذ کر چکا ہے اور اس کی مخالفت صدارتی امیدوار وں، کانگریس اور حتیٰ کہ فیس بک کے کچھ ملازمین نے بھی کی ہے۔

اسی وجہ سے فیس بک کی حریف کمپنی ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے الیکشن کے دوران سیاسی مواد پر مشتمل اشتہارات بالکل قبول نہیں کرے گی جب کہ گوگل ابھی اس حوالے سے خاموش ہے۔

مزید خبریں :