03 نومبر ، 2019
تھرپارکرمیں غذائیت کی کمی و دیگر امراض کے باعث سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 84 بچے انتقال کرگئے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع تھرپارکر سے حاصل کردہ اعداد وشمار کے مطابق انتقال کرنے والے بچوں میں نومولود سے لے کر 5 سال تک کی عمر کے بچے شامل ہیں جب کہ ماضی کے مقابلے میں ایک ماہ کے دوران انتقال کرنے والے بچوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سال رواں سال کے 10 ماہ میں اب تک انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 703 تک جاپہنچی ہے۔
خیال رہے کہ سندھ کے ضلع تھر پارکر میں خوراک اور پانی کی کمی کے باعث رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
صحت کی سہولیات میں کمی باعث تھر پارکر کے دور دراز کے علاقوں میں کم سن بچے اکثر غذائیت کی کمی اور جان لیوا بیماریوں کا شکار ہوکر جاں بحق ہو جاتے ہیں۔