کاروبار
Time 05 نومبر ، 2019

پاکستانی میسیجنگ ایپ میں 16 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری

ٹیلو ٹاک کا لوگو — فائل

کراچی: پاکستانی میسیجنگ پلیٹ فارم ٹیلو ٹاک نے بین الاقوامی و ملکی سرمایہ کاروں کے کنسورشیم سے 16 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کے حصول کا اعلان کیا ہے۔ 

سیڈ راؤنڈ مرحلے میں عالمی وینچر فنڈز اے ایل ایم ہولڈنگز (متحدہ عرب امارات)، اسپارک لیبس فن ٹیک (ایشیاء)، ون مارکیٹ کیپٹل (یو ایس اے) اور کوکون اگنائٹ وینچرز (ہانگ کانگ) کے ساتھ مقامی سطح کے سرمایہ کار ادارے ٹی پی ایل ای وینچرز اور آئی ٹو آئی وینچرز شامل ہیں۔

ٹیلو ٹاک کے شریک بانی اور سی ای او شہباز جاموٹ کا کہنا ہے کہ "ہم تجربہ کار غیرملکی اور مقامی وینچر کیپٹل انوسٹرز کی جانب سے اعتماد ملنے اور ہمارے مشن کو تعاون فراہم کرنے پر خوش ہیں۔ پاکستانیوں کی اپنی میسجنگ ایپلی کیشن ٹیلو ٹاک واحد بہترین لوکل میسجنگ ایپلی کیشن ہے جسے خصوصی طور پر پاکستانیوں کے لئے تیار کیا گیا اور ہماری اپنی تمام ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ انفراسٹرکچر پاکستان میں موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلو ٹاک ہر طرح کے کاروباری اداروں کے لئے دستیاب ہے جس میں ملٹی میڈیا چیٹ چینلز کے ذریعے کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے اور انٹرنل کمیونکیشنز یا کسٹمر سے رابطے کئے جاسکتے ہیں۔

شہباز جاموٹ کے مطابق ٹیلو ٹاک واحد میسجنگ ایپلی کیشن ہے جو مقامی قوانین کی مکمل پاسداری کرتی ہے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ای گورنمنٹ جیسی اہم سروسز فراہم کی جاسکیں۔

سیڈ راؤنڈ میں بیشتر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لئے یہ پاکستان میں پہلی سرمایہ کاری ہے۔ ان فنڈز کو مارکیٹنگ و ایڈورٹائزنگ، انفراسٹرکچر میں وسعت لانے اور پروڈکٹ ڈیولپمنٹ کے لئے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :