Geo News
Geo News

Time 05 نومبر ، 2019
دنیا

تاج محل کے حسن کو آلودگی سے بچانے کیلیے خصوصی مشینیں لگادی گئیں

آلودہ فضا کے باعث تاج محل کے سنگ مرمر کی سفیدی زرد پڑنے لگی ہے،اے ایف پی

محبت کی یادرگار کہلائے جانے والا تاریخی تاج محل آلودگی کے باعث میلا ہوگیا، ماحول کو صاف کرنے کے لیے انتظامیہ نے خصوصی مشینیں لگادی ہیں۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں موجود مغلیہ دور کی تاریخی اور خوبصورت عمارت کے حسن کو آلودگی نے گہنا دیا ہے۔

آلودہ فضا کے باعث تاج محل کے سنگ مرمر کی سفیدی زرد پڑنے لگی تو انتظامیہ کو ہوش آیا اور محبت کی اس یادگار کو بچانے کے لیے تاج محل کے اطراف میں 2 ائیر پیوریفائر لگائے گئے ہیں۔

ہوا کو آلودگی سے پاک کرنے والے یہ ائیر پیوریفائر 300میٹر کے علاقے میں فضا کو صاف کریں گے تاکہ تاج محل پر آلودہ ماحول کے اثرات کم سے کم پڑیں اور اس کی خوبصورتی برقرار رہ سکے۔

تاج محل کے قریب موجود کچرے کا ڈھیر،فوٹو: رائٹرز

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے نئی دہلی سمیت بھارت کے شمالی علاقےآلودگی کے باعث اسموگ اور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ فضا میں دھند کے باعث تاج محل دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ تاج محل کو مغل بادشاہ شاہجہاں نے سولہویں صدی میں اپنی چہیتی ملکہ ممتاز بیگم کی یاد میں تعمیر کیا تھا اور اس عمارت کا شمار دنیا کے سات عجائب میں ہوتا ہے جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں افراد آگرہ جاتے ہیں۔