06 نومبر ، 2019
کراچی: مسافروں کے بک کرائے گئے بیگز توڑ کر قیمتی سامان چوری کرنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق 30 اکتوبر کو کراچی سے پشاور جانے والی پرواز پی کے 356 کے مسافروں کے بک کرائے گئے بیگز توڑ کر قیمتی سامان چوری کیا گیا تھا جس کی شکایت ایک شہری میاں مصطفیٰ کمال نے درج کرائی۔
کراچی ائیرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے مطابق شہری نے شکایت درج کرائی تھی کہ ان کی اہلیہ قرۃ العین 30 اکتوبر کو کراچی سے پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 356 سے پشاور گئی تھیں، پشاور پہنچ کر جب اہلیہ نے بیلٹ سے سامان لیا تو سوٹ کیس ٹوٹا ہوا تھا اور اس میں سے زیورات اور دیگر چیزیں غائب تھیں۔
بعدازاں خاتون کے شوہر نے ائیرلائن سمیت کراچی کے ائیرپورٹ تھانے میں شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ائیرلائن لوڈرز کو حراست میں لے کر تحقیقات کیں جس کی روشنی میں ملزمان کا سراغ لگایا گیا اور پولیس نے مسروقہ مال بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے واردات سامان جہاز میں لوڈ کرنے کے دوران جہاز کے اندر ہی کی تھی تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او کلیم موسیٰ کا کہنا تھا کہ ملزمان شاہد مسلم، طفیل، مشرف، پرویز اور تنویر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ خان نے واقعے سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔