کھیل
Time 07 نومبر ، 2019

‏کبڈی ورلڈ کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

کبڈی ورلڈ کپ 12 سے 18 جنوری تک پاکستان میں کھیلا جائے گا— فوٹو: فائل

کبڈی کے حوالے سے ایک خوشخبری یہ ہے کہ آئندہ برس ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے۔

کبڈی ورلڈ کپ 12 سے 18 جنوری تک پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ ‏پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین نے سیکریٹری رانا سرور کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کبڈی ورلڈ کپ کی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کیا۔

چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے میچز لاہور، فیصل آباد، کرتار پور اور ننکانہ صاحب میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہوگا— فوٹو: جیو نیوز

چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے میچز لاہور، فیصل آباد، کرتار پور اور ننکانہ صاحب میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں شریک ہوں گی،9 ٹیموں نے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ 8 ٹیموں نے تحریری طور پر شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ بھارت نے زبانی طور پر شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے، تحریری طور پر تصدیق جلد آجائے گی، بھارت کی شرکت کا زیادہ تر انحصار اس وقت کے حالات پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت، ایران، کینیڈا، آسٹریلیا، انگلینڈ، امریکا، سیرا لیون اور کینیا کی ٹیموں نے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کیا ہوا ہے۔

ونر ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا، رنرز اپ کو 75 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ کبڈی ورلڈ کپ سرکل اسٹائل میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :