Time 08 نومبر ، 2019
پاکستان

وزیر اعظم انتخابی دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں، پرویز الٰہی

اپوزیشن اس پر راضی نہیں اور چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ کی کمیٹی کو مضبوط کیا جائے، وزیر اعظم نے اس پر بھی ہاں کردی ہے، رہنما ق لیگ کا انکشاف— فوٹو: فائل

حکومت کی طرف سے مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرنے والے پرویز الٰہی نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم انتخابی دھاندلی کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں لیکن اپوزیشن راضی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ کی کمیٹی کو مضبوط کیا جائے، وزیر اعظم نے اس پر بھی ہاں کردی ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ مولانا کو دھرنے سے اس سے زیادہ کیا کامیابی چاہیے کہ وہ اسمبلی میں نہیں ہوتے ہوئے بھی اپوزیشن لیڈر بن چکے ہیں اور شہباز شریف فارغ ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان اور پرویز الہی کے درمیان 48 گھنٹوں کے دوران چار بار ملاقات ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :