پاکستان
Time 08 نومبر ، 2019

نواز شریف علاج کیلئے باہر جائیں اور میں نا جاؤں یہ بہت مشکل ہے: مریم نواز


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ بڑا مشکل ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے باہر جائیں اور میں ان کے ساتھ نہ جاؤں۔

مریم نواز چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔ مریم نواز نے عدالت میں بیان دیا کہ ایسا کیسے ہو سکتا تھا کہ عدالت میں بلایا جائے اور میں نہ آؤں، آج بھی میں والد نواز شریف کو چھوڑ کر آئی ہوں۔

رہنما ن لیگ نے عدالت کو بتایا کہ میاں صاحب کی طبیعت کافی ناساز ہے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ دیا جائے کیونکہ قانون میں اس کی گنجائش موجود ہے۔

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق استفسار کیا اور مریم نواز کے وکیل سے کہا کہ آپ درخواست دائر کریں پھر بعد میں اس پر فیصلہ ہو گا۔

عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی جب کہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی مزید توسیع کر دی گئی۔ کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

نواز شریف کو ملازمین اور نرسوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی: مریم نواز

نیب عدالت سے واپسی پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ میاں نواز شریف علاج کیلئے کب باہر جا رہے ہیں؟ جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ میاں صاحب کو علاج کے لیے فوری باہر جانا چاہیئے۔

ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے سے متعلق درخواست پر رہنما ن لیگ نے کہا کہ مجھے نہیں پتا، گھر جا کر دیکھوں گی، شہباز شریف اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میں ابھی فوری سفر نہیں کر سکتی کیونکہ میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نواز شریف کی صحت سے متعلق بڑی فکر رہتی ہے، انہیں ملازمین اور نرسوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی، 24 گھنٹے ان کے ساتھ ہوتی ہوں اور ان کے معاملات کو خود دیکھ رہی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دستیاب ہر ممکن علاج کیا گیا لیکن اس کے باوجود ان کی بیماری کی تشخیص نہیں ہو رہی اور ان کے پلیٹیلیٹس پھر 20 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ممکن ہو نواز شریف کو علاج کے لیے جانا چاہیے، بڑا مشکل ہے کہ میاں صاحب علاج کے لیے باہر چلے جائیں اور میں نہ جا سکوں۔

ڈیل سے متعلق سوال پر ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ ڈیل کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، حکومت کی جانب سے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے خود کہا کہ میاں صاحب کو علاج کے لیے باہر جانے کی ضرورت ہے۔

حکومت کی جانب سے مزید ریلیف ملنے سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ان شاءاللہ سچ غالب آ کر رہے گا۔

مزید خبریں :