دنیا
Time 08 نومبر ، 2019

فنڈز کے غلط استعمال کا الزام: عدالت کا ٹرمپ کو 2 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم

فائل فوٹو: بشکریہ رائٹرز

نیویارک کی عدالت نے امریکی صدر ٹرمپ کو چیریٹی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں 2 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیویارک کی عدالت نے 2016 میں سیاسی مہم کے دوران چیریٹی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں ٹرمپ کو 2 ملین ڈالر ادائیگی کا حکم دیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کی فاؤنڈیشن 2018 میں بند کردی گئی تھی جس پر الزام عائد کیاگیا تھا کہ وہ ٹرمپ کے مفادات کے لیے فنڈز کا غلط استعمال کررہی ہے۔

نیویارک کی عدالت کی خاتون جج نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ وہ چیریٹیز جس کے  ٹرمپ اور ان کے تین  بچے سربراہ ہیں، اسے سیاست میں ملوث نہیں کرسکتے  جب کہ جج کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے 2016 کے الیکشن میں فنڈز بڑھانے کی اجازت دے کر اپنے امانت داری کے فرض کی خلاف ورزی کی۔

جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر فاؤنڈیشن اب بھی موجود ہے تو ٹرمپ 2 ملین ڈالر ادا کریں جو اس فاؤنڈیشن کو دیے جائیں گے، یہ رقم ٹرمپ خود ادا کریں اور یہ رقم 8 چیریٹیز کو دی جانی چاہیے جن کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہ ہو۔

جج کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ذاتی طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ فاؤنڈیشن کے فنڈز کا غلط استعمال کیا۔

ٹرمپ نے عدالتی فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ فنڈز کی ہر رقم چیریٹی میں گئی، میں واحد انسان ہوں، میں جانتا ہوں شاید میں تاریخ میں پہلا انسان ہوں جو چیریٹی میں 19 ملین ڈالر کی ایک بڑی رقم دے سکتا ہے، ان الزامات کی کوئی حیثیت نہیں۔

ٹرمپ نے ان الزامات کو اپنے اوپر نیویارک میں سیاسی حملہ بھی قرار دیا اور ساتھ ہی نیویارک کے اٹارنی جنرل پر الزام لگایا کہ وہ سیاسی مقصد کے لیے اس معاملے میں جان بوجھ کر ان کی کردار کشی کررہی ہیں۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیس حل کردیا گیا تھا اور وہ آرمی ایمرجنسی ریلیف سمیت دیگر جگہ پر 2 ملین ڈالر چیریٹی کرکے خوش تھے۔

واضح رہےکہ امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف یہ مقدمہ واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے ٹرمپ فاؤنڈیشن میں تحقیقات کے بعد کھولا گیا تھا۔

مزید خبریں :