12 نومبر ، 2019
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے جو سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا کہا گیا ہے اس کی رقم العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابر ہوگی۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کو انسانی بنیادوں پر باہر جانے دیا جارہا ہے، کابینہ کے کچھ ارکان نے کہا کہ فیصلے سے سیاسی طور پر نقصان ہوگا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ کابینہ کی اکثریت نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر اجازت دینی چاہیے، کابینہ نے نوازشریف کو طبی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے کہا کہ تمام قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد باہر جانے دیا جائے، زر ضمانت کی مالیت العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابر ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ’میں کابینہ کا رکن ہوں اور کابینہ کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں‘۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی ہے، نواز شریف کو کہا گیا ہے کہ وہ سیکیورٹی بانڈ جمع کرائیں تو نام ای سی ایل سے نکلے گا۔
العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے میں نواز شریف کو 7 سال قید بامشقت سمیت 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (تقریباً تین ارب 90 کروڑ روپے) اور 1.5 ارب روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت 8 ہفتوں کیلئے منظور کی ہے۔