پاکستان
Time 12 نومبر ، 2019

فیصل آباد : 2 روز قبل اغواء ہونے والے 8 سالہ بچے کی لاش کچرے کے ڈھیر سے برآمد

پولیس نے تھانہ صدر میں بچے کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا تھا،فوٹو:فائل

فیصل آباد میں 2 روز قبل اغواء ہونے والے 8 سالہ بچے کی لاش کوڑے کے ڈھیر سے مل گئی۔ ورثاء نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔

پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقے چک 215 کے رہائشی اکبر علی کا 8 سالہ بیٹا فیصل 2 روز قبل عید میلاد النبی ﷺ کا جلوس دیکھنے کیلئے گھر سے باہر نکلا اور لاپتہ ہوگیا۔

بچے کے گھر والوں نے اسے تلاش کرنے کی کافی کوشش کی لیکن بچے کاکوئی سراغ نہ مل سکا، پولیس نے تھانہ صدر میں بچے کے اغواء کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا تھا۔

 آج صبح جڑانوالہ روڈ پر بچے کی لاش ایک کوڑے کے ڈھیر سے برآمد کرلی گئی، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ اسپتال منتقل کر دی ہے۔

 واقعے کے خلاف ورثاء نے جڑانوالہ روڈ بلاک کر کے تھانہ صدر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :