کھیل
Time 12 نومبر ، 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ گیا


پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی والدہ انتقال کر گئیں۔ نسیم شاہ نے نہ بیٹنگ کی نہ بولنگ، آج کھیل میں فیلڈنگ بھی نہیں کی، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے احتراماً سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا۔

‏پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی والدہ انتقال کرگئی ہیں۔ نسیم شاہ اس وقت پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں جو پرتھ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل تین روزہ پریکٹس میچ کھیل رہی ہے۔

16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو افسوسناک خبر پرتھ میں ملی۔ نسیم شاہ کا تعلق دیر شہر سے ہے اور ان کی والدہ کی تدفین بھی آبائی شہر میں ہوگی۔

پرتھ سے ٹیم منجمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ نسیم شاہ کو افسوسناک خبر کا علم ہے، ہم سب ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اپنے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد نسیم شاہ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ وطن واپس نہیں آرہے اور ٹیم کے ساتھ ہی رہیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبر سے برسبین میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید خبریں :