پاکستان
Time 12 نومبر ، 2019

نواز شریف کا معاملہ: ن لیگ کا کسی بھی غیر قانونی دستاویز پر دستخط نہ کرنیکا فیصلہ

عطاء تارڑ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی کارروائی سے شہباز شریف اور مریم نواز کو آگاہ کرچکے، ضمانتی مچلکوں کے سوا کوئی بھی ضمانت قانون سے ماورا ہوگی، ذرائع ن لیگ— فوٹو: فائل

نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ردعمل سامنے آگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت آج رات ن لیگ کے نمائندوں کو اپنی شرائط سے آگاہ کرے گی تاہم ن لیگ نے کسی بھی غیرقانونی دستاویز پر دستخط نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عطاء تارڑ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی کارروائی سے شہباز شریف اور مریم نواز کو آگاہ کرچکے ہیں۔

ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ضمانتی مچلکوں کے سوا کوئی بھی ضمانت قانون سے ماورا ہوگی۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی تجویز کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نواز شریف سے سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا۔ سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کی تجویز وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئی۔

مزید خبریں :