Time 13 نومبر ، 2019
پاکستان

جے یو آئی اب کن اہم شاہراہوں کو بند کرے گی؟

فضل الرحمان نے ایچ نائن گراؤنڈ میں 14 روز سے آزادی مارچ کے شرکاء کا قیام ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو اگلے محاذ پر جانے کی ہدایت کردی ہے— فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارے بی پلان پر عمل شروع ہوچکا ہے ،بی پلان کے تحت بلوچستان میں چمن کوئٹہ شاہراہ پردھرنا دیا جائے گا، لوئر دیر میں چکدرہ چوک، انڈس ہائی وےکو بھی بند کریں گے، شاہراہ ریشم کو  بھی بند کریں گے۔

خیبر پختونخوا

 جے یو آئی (ف) نے کل خیبرپختونخوا کی بڑی شاہراہوں کو بند کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی ترجمان جے یو آئی (ف) عبدالجلیل جان کا کہنا ہے کہ بنوں میں انڈس ہائی وے اور ہزارہ میں شاہراہ ریشم بند کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں چکدرہ، نوشہرہ میں حکیم آباد روڈ کو بند کیاجائےگا، مرکزی شاہراہوں کو جے یو آئی ف کے پلان بی کے تحت بند کیا جائے گا۔

جمیعت علماء اسلام (ف) نے ہزارہ ڈویژن میں اہم شاہراہوں اور شاہراہ قراقرم کی بندش کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ضلعی ترجمان جے یو آئی (ف) کا کہنا ہے کہ ضلع بٹگرام میں کس پل کے قریب شاہراہ قراقرم بندکی جائے گی،  اپر ہزارہ کے اضلاع  کیلئے چھترپلین سے شاہراہ قراقرم بند کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق مقامی امراء کے علاقے میں پہنچتے ہی دھرنے شروع ہوجائیں گے۔

پنجاب

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بزدار کے مقام پر جی ٹی روڈ کو بند کیا جائے گا، انڈس ہائی وےکو لنک روڈ پر بند کریں گے۔

سندھ

آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی صوبہ سندھ کے رہنما مولانا راشد سومرو کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک کا اگلا پڑاؤ پلان بی کی شکل میں شروع ہو رہاہے، کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم ناکام ہو رہے ہیں، ہم کامیابی کا زینہ چڑھتے جا رہے ہیں، جب تک گرتی دیواریں گرا نہیں دیتےچین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کارکن دھرنوں میں ہرگز ڈنڈے نہ اٹھائیں اور ایمبولینس کو راستہ دیں۔

راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کل دوپہر 2 بجے سے کراچی میں حب ریور روڈ، سکھر میں موٹر وے کے علاوہ گھوٹکی سے پنجاب میں داخل ہونے والی شاہراہ اور کندھ کوٹ سے پنجاب میں داخل ہونے والا راستہ بندکردیا جائےگا۔

بلوچستان

جے یو آئی (ف) کے بی پلان کے تحت بلوچستان میں چمن کوئٹہ شاہراہ پردھرنا دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آر سی ڈی شاہراہ خضدار کے مقام پر بند کی جائے گی۔

خیال رہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے فوری مستعفی ہونے اور نئے انتخابات سمیت دیگر مطالبات کر رکھے ہیں تاہم حکومت اور اپوزیشن میں وزیراعظم کے استعفے اور نئے انتخابات کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

مزید خبریں :