حمزہ علی عباسی نے شوبز چھوڑ دیا؟


معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری سے عارضی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی۔

حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں مداحوں کو اس حوالے سے اشارہ بھی دیا تھا۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ’ایک دہائی سے زائد کا سفر اب اپنے اختتام کو پہنچا، میں اس ماہ کے اختتام پر ایک ضروری اعلان بھی کروں گا، امید ہے کہ میری آواز بہت سے لوگوں تک پہنچے گی۔‘

اسکرین گریب

اس ٹوئٹ کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے انتظار کیا جا رہا تھا کہ یہ اعلان کب کیا جائے گا۔

اب اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا۔

حمزہ علی عباسی نے اپنی ویڈیو میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے یہ اعلان اکتوبر کے آخر میں کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر کچھ مصروفیات کی بناء پر یہ اعلان کرنے میں تاخیر ہوگئی جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں۔


انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ میری زندگی کا سب سے بڑا فیصلہ ہےجو کہ خدا کے بارے میں ہے۔

اداکار نے ویڈیو پیغام میں اس فیصلے کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنی نو عمری میں ہی لادین (ملحد) ہوگیا تھا۔‘

حمزہ نے بتایا کہ لادین ہونے کے بعد میں نے تمام مذہب کو غیر جانبداری کے ساتھ دیکھا اور پرکھا تو مجھے اسلام ہی اصل مذہب لگا۔

ان کا کہنا تھا یہ حقیقت 10 سے 12سال کے طویل درد ناک سفر کے بعد میرے سامنے واضح ہوئی۔

حمزہ نے طویل ویڈیو پیغام میں بتایا کہ جب میں نے موت کی حقیقت کو سمجھا تو مجھے زندگی کی تمام چیزیں موت کی طرح ختم ہوتے ہوئے نظر آتی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اب اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق اور انسانیت کی خدمت میں گزاروں گا، اب میں ٹی وی اور سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم خدا کا پیغام آگے بڑھانے کے لیے استعمال کروں گا۔

حمزہ نے کہا کہ مجھے اللہ نے جتنی شہرت اور عزت دی ہے اب میں اس کو صرف دین، اسلام اور اللہ کے بتائے ہوئے اصولوں کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے استعمال کروں گا۔

انہوں نے اپنے آخری ڈرامہ سیریل ’الف‘ کی بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس ڈرامے کو کرنے کا مقصد صرف یہی تھا کہ اس میں اللہ کا پیغام چھپا ہوا تھا ورنہ فلم ’دی مولا جٹ‘ ہی میرا آخری پروجیکٹ ہوتا۔

حمزہ علی عباسی کی فلم دی مولا جٹ جلد ریلیز کی جائے گی۔فوٹو: فائل

حمزہ نے ویڈیو میں پیغام میں کہا کہ میں ڈرامہ اور فلمیں بناؤں گا  لیکن ایسی جن  میں کسی قسم کا غیر اخلاقی اور بدکاری کا مواد شامل نہیں ہوگا، ڈرامہ اور فلم کے میڈیم کو ملک کی سلامتی اور مذہب کا پیغام دینے کے لیے استعمال کروں گا۔

ویڈیو کے آخر میں شوبز چھوڑنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میں اب دین کا ادنیٰ طالب علم بن کر زندگی گزاروں گا۔

اداکار حمزہ علی عباسی کا ڈرامہ سیریل پیارے افضل بے حد مقبول ہوا تھا۔۔۔۔ فوٹو: فائل

واضح رہے کہ اداکار حمزہ علی عباسی نے 2006میں شوبز انڈسٹری کی دنیا میں قدم رکھا تھا جس کے بعد انہوں نے ’پیارے افضل‘ اور ’من مائل‘ جیسے ڈرامہ سیریل سے شہرت حاصل کی۔

من مائل میں حمزہ علی عباسی کے کردار کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔فوٹو: فائل

حمزہ علی عباسی نے فلم ’وار‘ ، ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ ،  اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں بھی بہترین اداکاری کی۔

حمزہ علی عباسی نے فلم ’وار‘ ، ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ ، اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں بھی بہترین اداکاری دکھائی تھی۔فوٹو: فائل

حمزہ علی عباسی حال ہی میں جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریک ’الف‘ میں اہم کردار  نبھاتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں۔ 

ڈرامہ سیریل الف حمزہ علی عباسی کا آخری ڈرامہ ہے۔فوٹو: فائل

اداکار حمزہ علی عباسی نے رواں سال25 اگست کو نیمل خاور سے شادی کرلی تھی۔

فوٹو: فائل

حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے بھی ڈرامہ سیریل انٰا کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

مزید خبریں :