Time 15 نومبر ، 2019
پاکستان

ایک ’انڈر اسٹینڈنگ‘ ہوئی، مولانا کو ہم نے جو دے کر بھیجا وہ ’امانت‘ ہے: پرویز الٰہی

مولانا فضل الرحمان کو ہم نے جو دے کر بھیجا وہ ’امانت‘ ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی کی پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو— فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے انکشاف کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے معاملات طے ہونے کے بعد اسلام آباد کا دھرنا ختم کیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی نے پرویز الٰہی سے سوال کیا کہ ’مولانا نے کہا تھا کہ یا تو وزیراعظم استعفیٰ دیں یا پھر استعفیٰ کے وزن کے برابر اگر کوئی چیز آجائے تو وہ بھی قبول ہے، یہ استعفے جیسی چیز کیا ہے؟‘

اس کے جواب میں پرویز الٰہی نے مسکرا کر جواب دیا کہ مولانا نے ’انڈر اسٹینڈنگ‘ کے تحت اسلام آباد مارچ ختم کیا ، معاملات طے ہونے کے بعد مولانا اسلام آباد سے روانہ ہوئے۔

پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ہم نے جو دے کر بھیجا وہ ’امانت‘ ہے۔

مختلف سوالوں کے جواب میں پرویزالٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کے دھرنے میں عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان روزانہ لڑائی ہوتی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ اُس دھرنے میں کفن بھی ہمارے ہی پیسوں سے خریدے گئے تھے لیکن وہ کسی نے پہنے ہی نہیں۔

پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ نظام ٹھیک نہ کیا گیا تو یہ مزید نہیں چل سکتا۔


مزید خبریں :