16 نومبر ، 2019
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے لیکن یہاں اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد کب تک بیرون ملک روانہ ہو سکیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں علاج کے لیے 4 ہفتے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے لیکن ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک روانگی کے لیے طبی طور پر تیار کرنا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق مریض کو طبی طور پر سفر کے لیے تیار ی کے لیے 48 گھنٹےکا وقت درکار ہوتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف کو روانگی سے قبل ہائی اسٹیرائیڈز دینا ہوں گی اور گزشتہ 2 ہفتوں میں نواز شریف کو 3 بار طبی طور پر تیار کیا گیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہائی اسٹیرائیڈز سے نواز شریف کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو طبی طور پر تیار کرنے کے بعد ائیر ایمبولینس سے روانہ کیا جائے گا اور ائیر ایمبولینس آئندہ 24 سے 48 گھنٹے میں قطر سے لاہور پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نواز شریف کے ہمراہ بیرون ملک جائیں گے۔