19 نومبر ، 2019
وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہوسکتے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیرقانون فروغ نسیم نے کہا کہ نوازشریف کی سزا معطل ضرور ہوئی ہے لیکن اپنی جگہ موجود ہے،انڈیمنٹی بانڈ نہ سہی لیکن انہوں نے عدالت کے سامنے کسی اور انڈر ٹیکنگ کو مان لیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے عبوری حکم دیا، نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہوسکتےہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ ’انڈیمنٹی بانڈ کی رقم عدالت نے کہی تھی، زرتلافی دراصل ضمانتی بانڈ نہیں ہے، انڈیمنٹی بانڈ دراصل 500 یا 100 روپے کا اسٹامپ پیپر ہے۔
فروغ نسیم نے بتایا کہ ’یہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ تھا،لوگوں کو آگہی نہیں تھی کہ نوازشریف کی طبیعت اتنی خراب ہے،ہم نے کوشش کی وہ انڈیمنٹی بانڈ یا کوئی انڈر ٹیکنگ دے دیں، انہوں نے انڈیمنٹی بانڈ یا بیان حلفی دینے سے انکارکیا اور عدالت میں جاکر مان لیا، زرتلافی کے معاملے پر سیاست یا پوائنٹ اسکورنگ کسی کو نہیں کرنی چاہیے تھی، یہ بات اس طرح نہیں آنی چاہیے تھی جس طرح آئی۔
عدالتی فیصلے پر ہمارے پاس اپیل کا موقع موجود ہے، وزیر قانون
وزیر قانون نے کہا کہ ’یہ میرٹ پر فیصلہ نہیں ہے، میرٹ پر فیصلہ جنوری میں ہونا ہے، کسی نے کہا کہ اس کی اپیل کرنی چاہیے، عمران خان کا یا میرا یا پھر کسی اور کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہوئی اور کک بیک لیے گئے،لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ دیکھ لیں تو ایک بات انہوں نے تسلیم کی کہ 4 ہفتوں کی اجازت مل گئی، لاہور ہائی کورٹ نے عبوری حکم میں چار ہفتوں کی اجازت دی،عدالت نے اس معاملے کو توہین عدالت کے معاملے میں بدل دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے عبوری فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اپیل کا حق ختم ہوگیا، کچھ معاملات انسانی بنیادوں پر بھی دیکھے جاتے ہیں،عدالتی حکم میں ہمارا پچانوے فیصد فیصلہ موجود ہے،نوازشریف سے متعلق عدالتی فیصلے پر ہمارے پاس اپیل کا موقع موجود ہے۔
وزیرقانون نے کہا کہ ’نوازشریف کیلئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ ان کو صحت دے، ہماری دعا ہے کہ نواز شریف صحت یاب ہوں واپس آئیں، جب کوئی کیس ہوتا ہے تو اس کا ایک عبوری حکم اور ایک فائل آرڈر ہوتا ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ عبوری حکم میں اپیلیں نہیں سنے گی‘۔
وزیر قانون نے کہا کہ نوازشریف کا علاج ریاست نہیں کرا رہی، برطانوی حکومت کے علم میں یہ تمام چیزیں ضرور لائیں گے، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو نوازشریف سے متلق عدالتی فیصلے سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے معمولی جرائم میں قید قیدیوں کا ڈیٹا مانگ لیا، فردوس عاشق
پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کے معاملے میں جذبہ خیرسگالی کا اظہار کیا، وزیراعظم مساوات کا معاشرہ قائم کرنے میں پرعزم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر ٹیم کو مبارک باد دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ معاشی صورت حال میں بہتری آئی ہے، کابینہ نے امید کا اظہار کیا کہ معیشت بہتر ہونے کا فائدہ عوام کو پہنچے گا، ملکی تاریخ میں پہلی بار کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے معاشرتی رویوں کے شکار عمررسیدہ قیدیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی، معمولی جرائم میں قید قیدیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے اور یہ ڈیٹا صوبائی حکومتوں سے طلب کیا گیا ہے۔
ہمیں نظام کو بدلنے قوانین کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، فردوس عاشق
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے نوازشریف کی لندن روانگی اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اپیل سے متعلق غور کیا، وزیراعظم کا نعرہ دو نہیں ایک پاکستان ہے، ایک پاکستان کو ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضوط کرنے کی ضرورت ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ ہمیں اپنے نظام کو بدلنے، قوانین کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، نواز شریف کے معاملے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وزیراعظم نے جذبہ خیرسگالی دکھایا۔
قابل تجدید توانائی کی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے ،فردوس عاشق
فردوس عاشق نے بتایا کہ متبادل توانائی کی پیداوار کے لیے 2006 میں ایک پالیسی بنی تھی، 13 سال بعد قابل تجدید توانائی کی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 8 نومبر کے فیصلوں کی بھی منظوری دی، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کرمنل جسٹس سسٹم کو ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جائے گا، اجلاس میں وزیراعظم کو 27 ادراوں میں 134 اسامیوں کے حوالے سے بتایا گیا،89 ایسی اسامیاں ہیں جن پر اضافی چارج دیے گئے ہیں۔